صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے ناقابلِ تنسیخ حق ِ خود ارادیت کے حصول کیلئے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں، صدر مملکت عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی دہائیوں پرانی مزاحمت میں بے لوث قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں،
صدر مملکت کا کہنا تھا یہ دن عالمی برادری کی توجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی طرف مبذول کرانے کے لیے مناتے ہیں، جموں و کشمیر کے تنازع کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق اقوام ِمتحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے جمہوری طریقے سے جائے گا،
گزشتہ 75 برس سے بھارتی قابض افواج نے غیر قانونی طور پر کشمیر میں دہشت گردی کا راج مسلط کیا ہوا ہے، 9 لاکھ سے زاید بھارتی مسلح اہلکاروں کی موجودگی نے خطے کو ایک کھلی جیل بنا رکھاہے،
ہندوستان کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قانون ، بشمول اقوام متحدہ کے چارٹر، چوتھے جنیوا کنونشن، اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں ، کی ایک کھلم کھلا خلاف ورزی تھے،
بھارت آبادیاتی ڈھانچے میں مصنوعی تبدیلیوں، سیاسی انجینئرنگ، مقامی لوگوں کی معاشی پسماندگی اور کشمیری شناخت اور ثقافت پر حملوں کے ذریعے ان غیر قانونی اقدامات کو مزید تقویت دینے کی مسلسل کوششیں کر رہا ہے،
یہ تشویشناک امر ہے کہ بھارت غیر کشمیریوں کو وادی میں آباد کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں کر رہا ہے،