پاکستان میں جوں جوں عام انتخابات کا وقت نزدیک آرہا ہے سیاسی جماعتیں متحرک ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اپنے اپنے کارکنوں کو الیکشن کی تیاریوں کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سابق وزیراعظم پاکستان و مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کارکنوں کو عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں پیپلزپارٹی انتخابات کے لیے تیار، اتحادی بھی تیاری پکڑیں: بلاول بھٹو
ہفتے کے روز مسلم لیگ ن فرانس چیپٹر کے وفد نے مسلم لیگی قائد سے ملاقات کی اور اس دوران سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نواز شریف نے کہا کہ ہمارے کارکنوں نے جبر کے دور کا بڑی استقامت کے ساتھ سامنا کیا۔ قائدین اور کارکنوں نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں۔ اوورسیز کے کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفد کے ایک سینیئر رہنما نے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ ہم نے نواز شریف کو دورہ فرانس کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
دوسری جانب ہفتے کے روز سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی انتخابات لڑنے کے لیے تیار ہے۔ اتحادی بھی ہمت پکڑیں۔ الیکشن وقت پر ہونے چاہییں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت لندن میں موجود ہیں اور ان کی پارٹی کی سینیئر رہنما بار بار یہ کہتے ہیں کہ نواز شریف جلد وطن واپس آ رہے ہیں مگر اس کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی جا رہی۔
قومی اسمبلی قبل از وقت تحلیل کرنے پر مشاورت
دریں اثنا نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی حکومت میں شامل جماعتیں اس بات پر غور کر رہی ہیں کہ قومی اسمبلی کو مدت پوری ہونے سے چند روز قبل ہی تحلیل کر دیا جائے۔