بینظیر انکم سپورٹ پروگرام : چوتھی سہ ماہی قسط سے متعلق تفصیلات جاری

ہفتہ 17 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے 19 جون 2023 پیر کو ’بینظیر کفالت‘  کی چوتھی سہ ماہی قسط جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری نے اپنے ایک پیغام میں رجسٹرڈ مستحقین پر زور دیا ہے کہ وہ ادائیگی کی رسید کے ساتھ 9000 روپے کی مکمل رقم وصول کریں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو سخت نگرانی اور شفافیت سے مستحقین تک قسط پہنچانے کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں ہیں۔ وفاقی وزیر نے مانیٹرنگ ٹیموں کو یہ احکامات بھی جاری کیے کہ مستحقین کی رقم سے کٹوتی کی کسی بھی شکایت کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

شازیہ مری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بینظیر کفالت پروگرام کے مستحقین 9000 روپے کی پوری رقم وصول کریں۔اس کے علاوہ بینظیر تعلیمی وظائف کے مستحقین اپنے بچے یا بچی کا مقرر کردہ وظیفہ بھی حاصل کریں۔

وفاقی وزیر نے مستحقین پر زور دیا کہ وہ اپنی رقم گننے کے بعد متعلقہ حکام سے رسید حاصل کریں ۔وفاقی وزیر نے مستحقین سے کہا کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بی آئی ایس پی کی ٹول فری ہیلپ لائن 26477-0800 پر اطلاع کریں اور نقد رقم کے حصول کے دوران شکایت کے لیے کیمپ سائٹ پر تعینات بی آئی ایس پی افسر کو مطلع کریں۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ بی آئی ایس پی کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات صرف 8171 سے آئیں گے اور کسی دوسرے نمبر یا کوڈ سے آنے والے پیغامات پر بھروسہ نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ ایسے پیغامات جعلی اور فراڈ ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سال کے شروع میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں 25 فیصد اضافے کا اعلان میں کیا تھا جس کے بعد چوتھی سہ ماہی قسط 9000 روپے کر دی گئی تھی۔

’بینظیر کفالت‘کے علاوہ، بینظیر تعلیمی وظائف کی جنوری تا مارچ کی قسط اسکول جانے والے ایسے طلبا میں تقسیم کی جا رہی ہے جن کی حاضری کم از کم 70 فیصد ہے۔ اس بار رقم کی ادائیگی پورے ملک میں قائم 1559 خصوصی طور پر منعقد ہ کیمپس کے ذریعے کی جائے گی۔

کیمپ سائٹس کے ذریعے وظیفے کی تقسیم کا مقصد مستحقین کو سہولت فراہم کرنا اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ اس دفعہ ایچ بی ایل اور بینک الفلاح کے اے ٹی ایم کے ذریعے ادائیگی کی فراہمی دستیاب نہیں ہوگی اور نہ ہی ’بی آئی ایس پی‘ کے قائم کردہ کیمپ سائٹ کے باہر پی او ایس پر کوئی ادائیگی کی جائے گی۔

بینظیر کفالت کے 90 لاکھ مستحق خاندانوں میں تقریباً 81 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے جبکہ مزید 16 ارب روپے تعلیمی وظائف کے 6.7 ملین مستحقین میں تقسیم کیے جائیں گے۔

پروگرام کے تحت پرائمری سطح پرطالبات کو 2000 روپے جبکہ طلبہ کو 1500 روپے دیے جاتے ہیں۔ سیکنڈری سطح پر طلبات اور طلبہ کو بالترتیب 3000 اور 2500 روپے جبکہ ہائر سیکنڈری سطح پر 4000 اور 3500 روپے بالترتیب طالبات اور طلبا کو ادا کیے جاتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp