وزیر اعظم شہباز شریف ہم سے زیادہ اتحادیوں کو اہمیت دیتے ہیں، احسن اقبال

اتوار 18 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں تمام فیصلے اتحادیوں کے مشورے سے کرتے ہیں، ہمیں ان سے اکثر شکایت رہتی ہے کہ آپ اتحادیوں کو زیادہ اہمیت دہتے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت نہ سنبھالتی تو ملک ڈٰیفالٹ کر جاتا، ایک سال سے زائد گزر چکا ہے وزیر اعظم شہباز شریف کی پوری ٹیم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے اور نئے منصوبوں کا آغاز کیا ہے جبکہ گزشتہ 4 سالوں میں ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔

وفاقی وزیراحسن اقبال نے نارروال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک نااہل شخص کو ملک پر مسلط کیا گیا جس کی اناڑی ڈرائیونگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان ہوا اور سرمایہ کار ملک سے بھاگ گئے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مقدمات سے ڈر کر بھاگنے والوں نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، انہوں نے ملک کو ترقی دینے کے بجائے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا بلکہ انتقامی کارروائیوں کے پاور ہاؤس لگائے گئے اور سیاسی مخالفین کو چن چن کر جیلوں میں ڈالا گیا۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی  کے ریکارڈ منصوبے لگائے گئے، جس کی بدولت ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا سی پیک جیسے منصوبے کا عوام کو تحفہ دیا، گزشتہ ایک سال کے دوران نئے منصوبوں کے ساتھ پرانے لگائے گئے منصوبوں کو بھی پایا تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp