یونان کشتی حادثہ، وزیراعظم کا 19 جون کو یوم سوگ کا اعلان، تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم

اتوار 18 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے یونان کشتی حادثہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور 19 جون کو ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو قومی پرچم سر نگوں رہے گا اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیراعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کی سربراہی میں 4 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی ممبران میں وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے افریقہ جاوید عمرانی، جوائنٹ سیکرٹری ایف آئی اے اور ڈی آئی جی پونچھ آزادکشمیر شامل ہیں۔

اِدھر بلوچستان حکومت نے بھی سانحہ یونان کے باعث پیر 19 جون کو یوم سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے،انسانی سمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔

وزیرِ اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی سمگلروں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کی لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔

اِدھر چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کے لیے فوکل پرسن تعینات کر دیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

وزیرِ اعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کیے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ بدھ 14 جون کو یونان میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 298 پاکستانیوں سے 500 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

کشتی حادثے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن ہفتے کے روز روک دیا گیا تھا۔ یونانی حکومت کی جانب سے لاپتا ہونے والے تمام افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی حادثہ کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران جن لوگوں کو بچایا گیا ان میں صرف 12 پاکستانی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp