حج 2023 : مختلف ممالک سے 11 لاکھ عازمین مدینہ منورہ پہنچ گئے

اتوار 18 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دُنیا کے مختلف ممالک سے اب تک 11 لاکھ سے زیادہ عازمین حج کی ادائیگی کے لیے ہوائی، زمینی اور سمندری راستوں سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ادھر مسجد حرام میںعازمین حج کی آسانی کے لیے 15 زبانوں میں خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

سعودی وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری محمد البیجاوی نے کہا ہے کہ مختلف ممالک سے اب تک11لاکھ سے زیادہ عازمین حج  سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ ’بری، بحری اور فضائی راستوں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

سعودی پریس ایجنسی ( ایس پی اے) نے سعودی حج اور سیاحتی کمیٹی کی جانب سے جاری  اعدادوشمار سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے جس میں تفصیلات بتائی گئی ہیں کہ ہفتہ کے روز حج پروازوں کے ذریعے کل 29,090 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے ہیں جن میں سے 25,962 عازمین کرام مدینہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے ہیں۔

حج 2023 کے عازمین کرام کو طبی سہولیات کی فراہمی کا بھی آغاز ہو گیا ہے

اعدادوشمار کی جاری اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز 556,953 عازمین مقدس مقامات کی زیارت کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے جب کہ مدینہ منورہ میں مقیم عازمین کی تعداد 161,021 ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ میں رہائش کی گنجائش 54 فیصد تھی جب کہ 32,631 عازمین نے یہاں طبی خدمات سے استفادہ بھی کیا۔

واضح رہے کہ مدینہ منورہ میں حکام مناسک حج کی ادائیگی کے لیے عازمین کرام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے 24 گھنٹے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

ادھر مسجد حرام میں خواتین کے لیے زبانوں اور ترجمہ کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری دلال فلاتہ نے کہا ہے کہ حج سیزن کی آمد کے ساتھ ہی رحمان کے مہمانوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی کوششیں تیز کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس سال سعودی عرب نے عازمین حج کی میزبانی کے لیے وسیع اسٹریٹجک منصوبے بنائے گئے ہیں۔ ان میں حجاج کرام کی میزبانی کے لیے 15 زبانوں میں ترجمہ کی سہولت کی فراہمی بھی شامل ہے۔اس سہولت سے زیادہ تر خواتین رہنمائی حاصل کر سکیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp