حق مغفرت کرے ، پرویز مشرف کے لیے اظہار تعزیت

اتوار 5 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملکی سیاسی اور عسکری قیادت کا سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار تعزیت۔مرحوم صدر کیلئے دعائے مغفرت کی اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور ورثاء سے تعزیت کا اظہارِ کرتے ہوئے مرحوم صدر کیلئے دعائے مغفرت کی اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا پرویز مشرف کے دور اقتدار میں پاکستان خصوصا کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے بے مثال کام ہوئے۔ اختیارات کے نچلی سطح تک منتقلی کے جدید بلدیاتی نظام کی بنیاد مشرف دور میں ہی ڈالی گئی۔

سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرف دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے تھے۔پاک فوج اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین ، وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ، چوہدری سالک حسین نے پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج و غم کا اظہار کیا۔چودھری شجاعت نے کہا کہ جنرل مشرف محب وطن ، دلیر اور بہادر انسان تھے ،ان کو کو ان کے دلیرانہ فیصلوں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے تعزیتی بیان میں فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف انتقال کر گئے، وہ بہت بڑے انسان تھے۔

فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پرویز مشرف کے دوست چھوٹے ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ پاکستان فرسٹ سابق صدر پرویز مشرف کی سوچ اور نظریہ تھا، خدا غریق رحمت کرے۔

یاد رہے کہ فواد چوہدری پرویز مشرف کی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عسکری قیادت نے سابق جنرل کی وفات پر اظہار افسوس کیا ۔ چیئرمین جوانٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہ نے پرویز مشرف کے ایثال ثواب کے لئے دعا کی کہ اللہ مشرف کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطافرمائے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp