سعدی عباس نے انٹرنیشنل کراٹے چیمپیئن شپ جیت لی

اتوار 18 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سعدی عباس نے کینیڈا کے شہر مونٹریال میں انٹرنیشنل کراٹے چیمپیئن شپ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

سعدی عباس نے اتوار کو مونٹریال شہر میں منعقد ہونے والی مونٹریال اوپن انٹرنیشنل کراٹے چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

سعدی نے 75 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کی اور چیمپیئن شپ کے فاتح بن کر سامنے آئے ، انہوں نے کراٹے چیمپیئن شپ میں غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتےہوئے اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔

سعدی کا طلائی تمغے کا سفر ایران کے ہمون ڈیرفشی پور کے خلاف شاندار فتح کے ساتھ شروع ہوا، جسے انہوں نے 4-2 سے شکست دی۔ ہمون نے ٹوکیوں میں ہونے والے اولمپکس 2020 میں بھی حصہ لیا تھا۔

35 سالہ سعدی نے انٹرنیشنل کراٹے چیمپیئن شپ میں کراٹے کی شاندار مہارتوں کے ساتھ شائقین کو حیران کر دیا انہوں نے کینیڈا کے الیاس عبدون کو 4-2 کے سکور سے شکست دی۔

سعدی عباس نے مونٹریال انٹرنیشنل کراٹے چیمپیئن شپ میں کینیڈا کے ایلری کیرون نیلگن کو 4-1 کے شاندار سکور سے شکست دی۔ سعدی نے پورے میچ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔

کینیڈا کی سرزمین پر طلائی تمغا جیتنے کے بعد سعدی اس سال کے آخر میں چین میں ہونے والے آئندہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

سعدی عباس اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کراٹے میں اپنی منفرد مہارت کے ساتھ دنیا کے بہترین کراٹے ایتھلیٹس کے طور پر اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp