سعودی سول ایوی ایشن وفد ایئرپورٹس کا سیکیورٹی جائزہ لینے پاکستان پہنچ گیا

پیر 19 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) کا سیکیورٹی وفد پاکستانی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اور سیفٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے ایک مرتبہ پھرپاکستان پہنچ گیا ہے۔

گاکا کی ایوی ایشن سیکیورٹی ٹیم پاکستانی ایئرپورٹ کے جائزے کے تیسرے مرحلہ پراپنے موجودہ دورے کے دوران اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اور سیفٹی کے انتظامات کا جائزہ لے گی۔

ترجمان سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے مطابق سعودی ٹیم اے ایس ایف، ایئر لائنز کی سیکیورٹی اقدامات، کارگو ہینڈلرز اور گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیز کے سیکیورٹی عمل کی جانچ پڑتال بھی کرے گی۔

گاکا سیکیورٹی ٹیم اے ایس ایف، ائرلائینز، گراونڈ ہینڈلنگ ایجنسیز کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لے گی۔ سعودی سیکیورٹی اسیسمنٹ ٹیم کارگو ایجنٹس اور کیٹرنگ سمیت سیکیورٹی سروس فراہم کرنے والوں کے حفاظتی اقدامات کی افادیت کا جائزہ بھی لے گی۔

ترجمان کے مطابق 7 رکنی سعودی وفد کی سربراہی ٹیم لیڈ انسپکٹر مسٹر محمد العجمی کر رہے ہیں۔ سعودی ٹیم تیسرے مرحلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ کے بعد پشاور ایئر پورٹ کا معائنہ بھی کرے گی۔

یاد رہے کہ سعودی ایوی ایشن کے اس سیکیورٹی وفد نے پہلے مرحلے میں کراچی ائیرپورٹ جبکہ دوسرے مرحلے میں سیالکوٹ، ملتان اور لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا، جہاں ٹیم کو ایئرپورٹ اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔

گاکا کے سیکیورٹی وفد نے اے ایس ایف، ایئرلائینز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیز کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ بھی لیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp