پنجاب میں 15 لاکھ بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم 24 جون تک جاری رہے گی

پیر 19 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے راولپنڈی میں بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگا کر حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ پنجاب بھر میں 9 ماہ سے 5 سال تک کی عمر کے 15 لاکھ بچوں کو خسرے کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے، حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم 24 جون تک جاری رہے گی۔

ترجمان ہیلتھ کیئر کے مطابق اس موقع پر نگران وزیر ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا تھا بچے قوم کا مستقبل ہیں، ان کی صحتمند نشوونما یقینی بنانا قومی ذمہ داری ہے۔ خسرے کے حفاظتی ٹیکوں کے علاوہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ اور وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے،

ڈاکٹر جمال ناصر کا کہنا تھا پنجاب کے 10 اضلاع کی 147 یونین کونسلز میں بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ لاہور شہر کی 80 یونین کونسلز میں بچوں کو خسرہ اور روبیلا کی ویکسین بھی لگائی جائے گی۔ پنجاب کی دیگر 9 اضلاع میں صرف خسرہ کی ویکسین لگائی جائے گی۔
نگران وزیر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی 42، جھنگ کی 12، حافظ آباد کی 3، نارووال کی 2، سیالکوٹ، قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی 2 دو جبکہ گوجرانوالہ اور شیخوپورہ کی ایک ایک یونین کونسل میں بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی درخواست پر عالمی ادارہ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) خصوصی مہم کے لیے تکنیکی اور آپریشنل معاونت فراہم کر رہا ہے۔ حکومت 2 سال سے کم عمر بچوں کو 12 مہلک بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کر رہی ہے۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ والدین بچوں کو بروقت حفاظتی ٹیکوں کا کورس ضرور مکمل کروائیں۔والدین رہنمائی کے لیے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی ہیلپ لائن 1033 سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp