یونان کشتی حادثہ: تحقیقاتی کمیٹی نے ایف آئی اے سے ریکارڈ طلب کر لیا

پیر 19 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یونان کشتی حادثہ کی تحقیقات کے لیے نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کی سربراہی میں 4 رُکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سے اہم ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ جاوید احمد عمرانی کو بھی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے جب کہ آزاد جموں کشمیر پونچھ ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) اور جوائنٹ سیکریٹری وزارت داخلہ بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

یونان میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے میں بڑی تعداد میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کے بعد انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف پہلا مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل گوجرانوالہ میں درج کرلیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ یونان کے دارالحکومت ایتھنز سے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کو موصول ہونے والی رپورٹ کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق لیبیا کے شہر بن غازی سے متعدد تارکین وطن غیر قانونی طریقہ سے بذریعہ کشتی اٹلی جاتے ہوئے 14جون کو بحیرہ روم کے گہرے سمندری علاقے گزرتے ہو ئے انجن بند ہونے کی وجہ سے پانی میں غرق ہو گئی۔ کشتی کے ڈوب جانے پر یونان کے ساحلی محافظوں نے 12 پاکستانیوں کو زندہ بچا لیا۔

حادثہ میں بچ جانے والے گوجرانوالہ کے رہائشی علی حمزہ نے ایجنٹس ندیم اسلم، محمد ممتاز اور آصف سنیارا کو 24لاکھ روپے جبکہ حادثے میں بچ جانے والے دوسرے پاکستانی رانا حسنین نے ایجنٹس رانا نقاش اور آصف سنیارا کو اٹلی جانے کے لیے 23 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔

یہ دونوں نوجوان ایجنٹس کی ہدایت پر اٹلی براستہ لیبیا روانہ ہوئے لیکن جس کشتی پر وہ دیگر تارکین وطن کے ہمراہ سوار تھے وہ یونان کے قریب سمندر میں ڈوب گئی۔

ان ایجنٹس نے ان تارکین وطن سے بھاری رقم لے کر غیر قانونی طریقہ سے براستہ سمندر اٹلی بھیجنے پر جرم کا ارتکاب کر لیا ہے جس پر ان کے خلاف زیر دفعات 17/22,3,6PSMA، EO1979کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp