یونان کشتی حادثہ: ایک اور انسانی اسمگلر لاہور سے گرفتار

منگل 20 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یونان کشتی حادثہ کے پس منظر میں ایف آئی اے کی پنجاب بھر میں کارروائیاں جاری ہیں، جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے کےاینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے مبینہ طور پر حادثہ میں متاثرہ شہری کو غیرقانونی طریقے سے یونان بھیجنے والے ایک اور انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق کشتی حادثہ میں ملوث انسانی اسمگلر عابد حسین نے متاثرہ کی فیملی سے یونان بھجوانے کے لیے پیسے وصول کی تھے۔ شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے اس ملزم کا بیٹا طلحہ شاہزیب بھی مذکورہ مقدمے میں پہلے سے گرفتار ہے۔

ملزم کو ایف آئی اے لنک آفس یونان کی جانب سے مہیا کی گئی معلومات کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم نے متاثرہ کی فیملی سے کل 35 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث اہم سرغنہ وقاص احمد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار انسانی اسمگلر وقاص احمد کا تعلق وزیرآباد سے ہے۔ جس نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہری کو یونان بھجوانے کے لیے 23 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے لنک آفس یونان کی جانب سے تفصیلات شئیر کی گئی تھیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے کراچی ایئرپورٹ سے آف لوڈ کیے جانے والے ملزم ساجد محمود کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزم نے یونان کشتی حادثے کے متاثرہ کو یورپ بھجوانے کے لیے 25 لاکھ روپے لیے تھے۔ ملزم کے خلاف پہلے بھی کشتی حادثے کے حوالے سے مقدمہ درج تھا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم گزشتہ کئی ماہ سے روپوش تھا اور اسے گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ جہاں اس نے آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔ملزم کا نام امیگریشن بلیک لسٹ میں شامل تھا اور اس کا تعلق منڈی بہاؤالدین سے ہے۔

ملزم کے خلاف اندارج مقدمہ کی درخواست متاثرہ نوجوان کے بھائی کی جانب سے دی گئی تھی۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اب تک 5 ایجنٹ وقاص احمد، شبیراحمد، طلحہ شاہزیب، ساجد محمود اور عابد حسین گرفتار ہو چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp