اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے باغِ دستور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منگل 20 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے شاہراہ دستور پر باغ دستور کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہم نے دستور کی گولڈن جوبلی کو شایان شان طریقے سے منایا، باغ دستور آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کا اہم حصہ ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ باغ دستور آئین پاکستان کی یادگار ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنے گا۔ 1973 کے آئین نے تمام وفاقی اکائیوں کو یکجا رکھا ہوا ہے۔ ماضی میں مختلف ادوار میں آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ 2008 میں جو پارلیمان وجود میں آئی اس نے اتفاق رائے سے اٹھارویں ترمیم منظور کی۔ اٹھارویں ترمیم نے آئین کو اصل روح کے مطابق بحال کیا۔ باغ دستور آئندہ نسلوں کو آئین پاکستان سے آگاہی دینے اور اس سے وابستگی کا سبب بنے گا۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں قائم ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ باغ دستور یونیورسٹی، کالجوں اور سکولوں کے طلبا کے لیے آئینی درسگاہ ثابت ہوگا۔ باغ دستور کا منصوبہ انتہائی کم لاگت کا منصوبہ ہے اور اس سے خزانے پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے سی ڈی اے حکام کو منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp