ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ میں نے اور حسن نے شادی سے قبل ہی یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ بچے کس مذہب کو اپنائیں گے، یہ ہمارا مشترکہ فیصلہ تھا کہ بچے مسلمانوں کے طرز زندگی کی پیروی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا اسلام قبول کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سنیتا مارشل نے نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اداکارہ نے سوالات کے جواب میں اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں اور شوبز انڈسٹری سے متعلق بات چیت کی۔ میزبان نے پوچھا کہ آپ عیسائی اور آپ کے شوہر اداکار حسن احمد مسلمان ہیں، بچے کونسا مذہب فالو کر رہے ہیں؟ اور مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے آپ کا کیا ارادہ ہے؟ اس پر سنیتا مارشل کا کہنا تھا کہ ’اُن کے بچے اسلامی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں، شادی سے قبل ہی میں نے اور حسن نے فیصلہ کر لیا تھا کہ بچے کس مذہب کو فالو کریں گے۔‘ انہوں نے خود سے متعلق کہا کہ ’میرا فی الحال مذہب تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی مجھ پر سسرالیوں کی جانب سے کوئی دباؤ ہے، مجھے آج تک سسرال میں کبھی کسی نے اسلام قبول کرنے سے متعلق نہیں کہا ہے۔
سنیتا مارشل نے کہا کہ میرا ایک خواب ہے کہ میں دنیا کی ہر جگہ دیکھوں، میری ہر سال کوشش ہوتی ہے کہ سال بھر کام کرکے پیسے جمع کروں اور ہر سال ایک نئی سیاحتی جگہ پر جاؤں، اگرچہ ہم کئی ممالک کا سفر کر چکے ہیں اور ابھی بہت ساری جگہوں پر جانا ہے، لیکن جہاں تک رہنے کا تعلق ہے تو میں پاکستان کے علاوہ اور کہیں نہیں رہ سکتی، میرا پورا خاندان انگلینڈ میں رہتا ہے، میری ایک بہن امریکا اور بھائی کینیڈا میں رہتا ہے لیکن مجھے پاکستان میں ہی رہنا ہے۔ پاکستان میں مسائل کے ساتھ خوشیاں بھی ہیں، میرے خیال میں اگر آپ مالی طور پر خوشحال ہیں تو پاکستان رہنے کے لیے بہترین جگہ ہے، آپ کے پاس وسائل ہیں تو مجھے نہیں لگتا پاکستان سے بہتر کوئی اور ملک ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چونکہ میں اپنے سسرال والوں کے ساتھ رہ رہی ہوں، بچوں کے دادا، دادی ان کو زیادہ اچھی طرح سے مذہب کی تعلیم دے سکتے ہیں، بجائے اس کے کہ میں بچوں کو بیچ میں چھوڑ دوں کہ وہ اپنی مرضی سے کس مذہب کا انتخاب کریں گے۔ اب یہ ٹرینڈ ہوگیا ہے کہ ایسے والدین جن کے مذاہب مختلف ہوں وہ اپنے بچوں کے مذہب کے حوالے سے کہتے ہیں کہ وہ خود فیصلہ کریں کہ وہ کس مذہب کو فالو کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ میں اس ٹرینڈ کے خلاف ہوں۔
واضح رہے کہ اداکارہ سنیتا مارشل اور اُن کے شوہر، اداکار حسن احمد کی 2008ء میں شادی ہوئی تھی، اِن کے 2 بچے (بیٹا اور بیٹی) ہیں۔