بینظیر بھٹو عالمی سطح پر ایک مشہور سیاسی رہنما تھیں: شازیہ مری

بدھ 21 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نا صرف پاکستان یا مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم تھیں بلکہ وہ عالمی سطح پر ایک مشہور سیاسی رہنما تھیں۔

بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش پر انہوں نے کہا کہ شہید رانی نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی اور جمہوریت دشمن قوتوں کے خلاف شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی تاریخ کا حصہ ہے جو کہ 1967 سے شروع ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ان کا مضبوط اور متحرک کردار، ترقی پسند سوچ اور ان کے سیاسی نظریے کو عالمی رہنماؤں کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے 70ویں یوم پیدائش پر ہم شہید بی بی کی جدوجہد، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں، صحافیوں، دانشوروں، ممبران اسمبلی اور سول سوسائٹی کو درپیش مسائل اور تکالیف کو بھی یاد کرتے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے کارکنان اور معاشرے کے دیگر طبقات کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جو جبرو آمریت کے خلاف اور جمہوریت کی بحالی کے لیے کھڑے رہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے تمام کارناموں کو ایک پریس کانفرنس میں بیان کرنا ممکن نہیں، تاہم خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کے اقدامات، ویمن پولیس اسٹیشنز کا قیام، اعلیٰ عدلیہ میں خواتین ججوں کی تقرری اور فرسٹ ویمن بینک جیسے اقدامات ان کے اہم کارناموں میں شامل ہیں۔

شازیہ مری نے شہید بینظیر بھٹو کے منصوبوں جیسے تھر کول پراجیکٹ، غازی بروتھا ، تیل اور گیس کی پیداوار کے دیگر منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی جس سے ان علاقوں کی مقامی آبادی کو فائدہ پہنچا جہاں یہ منصوبے شروع کیے گئے تھے۔

بینظیر بھٹو کے عالمی قائدانہ کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو ایک نئی سمت دی، شہید محترمہ کا خیال تھا کہ پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ ہم اپنے پڑوسیوں کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ شہید محترمہ نے اپنے دور میں سارک کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔

ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور محترمہ نصرت بھٹو کے کردار کو یاد کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ درد اور تکلیف کے اس دور میں محترمہ نصرت بھٹو کا کردار ایک قوم وریاست کی ماں کا تھا۔ یہی کردار آصف علی زرداری نے شہید محترمہ کی شہادت کے بعد ’پاکستان کھپے‘ یعنی پہلے پاکستان کے نعرے کے ساتھ ادا کیا۔

پی ٹی آئی قیادت کی سیاسی ناپختگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان کے برعکس آصف علی زرداری نے سیاسی قیادت کو اس وقت یا اس کے بعد کبھی بھی ریاستی اداروں پر حملے کے لیے نہیں اکسایا۔

بی آئی ایس پی چوتھی قسط جاری کر رہا ہے: فیصل کریم کنڈی

وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ جناب فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بینظیر کفالت کی چوتھی قسط جاری کر رہا ہے جو کہ 9000 روپے فی خاندان ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان عناصر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جو بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر مستحق خواتین سے غیر قانونی کٹوتی میں ملوث ہیں۔

مستحقین کو ان کی رقم وصول کرنے کے دوران درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ شراکت دار بینکوں کو اپنے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے اور مستحقین کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے فوری اور آسان ادائیگی کو یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے شراکت دار بینکوں پر بھی زور دیا کہ وہ پی او ایس ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کریں جو بی آئی ایس پی کے مستحقین کو نقد رقم کی تقسیم کے حوالے سے بدنیتی پر مبنی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp