چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے بہت مشکل وقت دیکھا اب اچھے دن آنے والے ہیں۔ 2018 میں پیپلزپارٹی کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جمہوری طریقے سے انتقام لیا ہے کیوں کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پر ہی یقین رکھتی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں یہ بھی ثابت ہو گیا کہ جب بھی ماحول سازگار ہو انتخابات میں پیپلزپارٹی کامیابی حاصل کر تی ہے۔
مزید پڑھیں
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی نے نمایاں کامیابی حاصل کی، ہماری جنگ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مسلط کیے گئے شخص کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا۔ کچھ سیاست دان نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے ہیں مگر پیپلزپارٹی کو جب بھی موقع ملا عوام کی خدمت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ کچھ سیاستدان نوجوانوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا لیاری کے ساتھ تین نسلوں کا رشتہ ہے۔