مرتضیٰ وہاب نے بلاول کے سیاسی کیریئر پر کالک مل دی، حافظ نعیم کا اسلام آباد میں احتجاجی جلسے سے خطاب

جمعہ 23 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی شہہ رگ ہے، کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کراچی کو ڈاکوؤں سے آزاد کرائیں گے۔

وہ مئیر کراچی کے الیکشن میں مینڈیٹ چوری کے خلاف الیکشن کمیشن اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سے وابستگان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

کراچی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا تعصبات، فرقہ واریت پھیلا کر کراچی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی، کراچی کے حالات خراب ہونے کی وجہ سے پاکستان مشکلات کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی میں کے الیکٹرک جیسے مافیا کا مقابلہ کیا ہے، جماعت اسلامی نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ لیے۔ مافیاز کو خدشہ تھا جماعت اسلامی کا میئر آگیا تو ٹھیکوں میں اربوں روپے کیسے کھائے جاتے؟

انہوں نے کہا کہ کراچی بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی بدنیتی بھی سامنے آچکی ہے۔ پیپلز پارٹی اور الیکشن کمیشن گٹھ جوڑ کو ہم نے ناکام بنادیا۔ پیپلز پارٹی ہماری 14 سیٹیں کھا گئی اور ڈکار بھی نہیں لی۔

چیف الیکشن کمشنر نے آصف زرداری کا لکھا ہوا فیصلہ سنایا

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، مگر چیف الیکشن کمشنر نے آصف زرداری کا لکھا ہوا فیصلہ سنایا ہے۔ قبضہ مافیا نے میئر کے الیکشن سے قبل ہمارے ووٹرز کو لاپتا کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر کراچی کا شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہے،

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ کراچی کا الیکشن چیف الیکشن کمشنر اور آصف زرداری کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کو ہم اب سے مینڈیٹ چور کہیں گے۔

1970ء سے آج تک پیپلز پارٹی کا طریقہ کار نہیں بدلا

امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ 1970ء سے آج تک پیپلز پارٹی کا طریقہ کار نہیں بدلا۔ پیپلز پارٹی نے مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جس سے ملک ٹوٹ گیا، اسمبلیوں کی سیٹوں کے لیے سیاستدانوں کی منڈی لگانا پیپلز پارٹی کا وتیرہ ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے لوگوں نے بلاول بھٹو کے سیاسی کیرئیر پر کالک مل دی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن میئر کا الیکشن نہیں کراسکتا تو ملک بھر میں الیکشن کیسے کرائے گا؟

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ  اب کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہی بنے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp