صدر عارف علوی کی سوئی ناردرن گیس کو صارف سے معافی مانگنے اور بل درست کرنے کی ہدایت

ہفتہ 24 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر عارف علوی نے سوئی ناردرن گیس پرائیوٹ لمٹیڈ (ایس این جی پی ایل) کو صارف سے معافی مانگنے اور بل درست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شرمناک امر ہے کہ انتظامیہ کمپنی کے اندر بدعنوانی کو نظر انداز کرکے صارفین کو ہراساں کر رہی ہے، نا اہلی اور ملی بھگت سے معاملے کی تفتیش کے بجائے کمپنی غیر قانونی اقدام کا دفاع کرکے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے، معاملے کی انکوائری کی جائے اور ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ایس این جی پی ایل کی اپیل مسترد کر دی۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے جاری اعلامیے کے مطابق شہری طاہر حسین (شکایت کنندہ) نے وفاقی محتسب کو شکایت درج کروائی تھی کہ گیس کمپنی نے ان کے گھر میں ایک گیزر لگایا اور بتایا کہ ادائیگی قسطوں میں ہوگی۔ تاہم گیس کمپنی نے صارف کو ایک کے بجائے 2 سولر گیزر کا بل جاری کر دیا اور کہا کہ کمپنی دستاویزات کے مطابق آپ کی رہائش گاہ پر 2 گیزر نصب کیے گئے ہیں۔ صارف کو یہ بھی بتایا گیا کہ ٹھیکیدار شفقت نے گیزر لگایا جو دھوکا دہی کے بعد فرار ہو چکا ہے۔

صارف نے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے کمپنی کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کوئی مداخلت نہیں کی پھر شہری نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا جس نے کمپنی کو بدانتظامی اور بل کی اصلاح کرنے کی ہدایت کی لیکن کمپنی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی تھی۔

صدر مملکت نے وفاقی محتسب کا حکم برقرار رکھتے ہوئے کمپنی کی اپیل مسترد کر دی۔ کہا کہ ٹھیکیدار سوئی گیس کے عملے کی ملی بھگت کے بغیر فراڈ نہیں کر سکتا تھا، اگر ٹھیکیدار ملی بھگت کے بغیر فراڈ کرتا تو کمپنی کارروائی کرتی جو نہیں کی گئی، کمپنی کے نمائندے نے کیس کی تفصیلات میں گئے بغیر غیر قانونی کارروائی کا دفاع کیا، کمپنی اپنے ہی طریقہ کار پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی جو بدانتظامی ہے، اوگرا قوانین کی خلاف ورزی میں شکایت کنندہ کو زائد بل بھجوایا گیا، کمپنی شکایت کنندہ کو تحریری معافی نامہ جمع کروائے اور معاملے کی فوری اصلاح کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp