بلوچستان کے ضلع تربت میں کمشنر روڈ پر خود کش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر تربت کے مطابق خود کش حملہ خاتون نے کیا ہے جبکہ دھماکے میں پولیس کی ایک خاتون سپاہی بھی زخمی ہے۔
مزید پڑھیں
ڈپٹی کمشنر بشیر احمد کے مطابق دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہوں گے: وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے خود کش دھماکے میں پولیس اہلکار کی شہادت اور ایک خاتون اہلکار کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشت گردی کا مقصد ترقیاتی عمل کو روکنا اور سیکیورٹی فورسز کو مرعوب کرنا ہے۔ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کا عمل جاری رکھ کر عوام کی فلاح وبہبود اور صوبے کی پسماندگی کے خاتمے کو یقینی بنائیں گے۔ سیکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلہ کو پست نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مکران کے باشعور عوام ترقی مخالف عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے شہید اہلکار کے خاندان سے ہمدری کا اظہار کیا ہے۔