پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات روکنے کی درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال

پیر 26 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتخابات روکنے کے لیے دائر متفرق  درخواست چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی گئی۔

لاہور ہائی کورٹ میں شہری شیخ اقبال کی جانب سے دائر درخواست پر ابتدائی سماعت جسٹس ساجد محمود بھٹی نے کی تاہم جسٹس ساجد محمود بھٹی نے یہ متفرق درخواست اب چیف جسٹس محمد امیر احمد بھٹی کو ارسال کر دی ہے۔

عدالت نے متفرق درخواست سماعت کے لیے جسٹس تنویر سلطان کو بھجوانے کی سفارش کردی۔

شہری شیخ اقبال کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ زونل انتخابات ہونےجارہے ہیں، عدالت شفاف انتخابات کرانے کے احکامات صادر کرے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے الیکشن 27 جون کو ہونا ہے، الیکشن کرانے کے لیے بورڈ  آف گورنرز کی تشکیل پی سی بی آئین کے خلاف ہے۔

شیخ اقبال نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت چیئرمین پی سی بی کے  انتخاب روکنے کا حکم دے، عدالت پی سی بی کے زونل انتخابات کے نتائج کوعدالتی فیصلے تک روکنے کا حکم دے۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منگل کو دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جس میں اراکین چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کریں گے، پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف کے نامزد کیے گئے  ذکاء اشرف چیئرمین پی سی بی کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، نجم سیٹھی نے خود کو چیئرمین کے عہدے سے دستبردار کرلیا ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp