آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے بھی متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز پنجاب، اسلام آباد ،خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا ، شمالی و مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔
منگل کے روز پنجاب، اسلام آباد ،خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا ، شمالی و مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد کا موسم
پیر کے روز اسلام آباد میں موسم ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔ منگل کے روز اسلام آباد میں موسم جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم
گذشتہ 24 گھنٹے میں پنجاب، اسلام آباد ،خطۂ پوٹھوہار، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔لاہور میں ریکارڈ توڑ بارش سب سے زیادہ بارش پنجاب میں لاہور میں ریکارڈ کی گئی، لاہور کے علاقوں لکشمی چوک 241، پانی والا تالاب 236، قرطبہ چوک 230، ایئر پورٹ 226، گلشن راوی 213، نشتر ٹاؤن 202، اقبال ٹاؤن 178، تاج پورہ 165، جیل روڈ 163، سٹی 162، جوہر ٹاؤن 155، گلبرگ 130، مغلپورہ 126، چوک ناخدا 125، سمن آباد 120، فرخ آباد 115، اپر مال 103 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 71 اور شہر میں47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جہلم 67، گجرات 60، راولپنڈی (کچہری 66، چکلالہ 55 اور شمس آباد 52 ملی لیٹر بارش ہوئی۔
اسلام آباد کے علاقے آبپارہ میں 77، بوکرا 59، زیرو پوائنٹ 58، گولڑہ 56 اور سید پور میں 47 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، منگلا 56، قصور 55، نارووال 54، منڈی بہاؤالدین 53، گوجرانوالہ 44، چکوال 41 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مری 39، اٹک 30، حافظ آباد 09، ڈی جی خان08، سرگودھا02، بھکر 01، کشمیر: راولاکوٹ 40، مظفر آباد (سٹی 33، ایئرپورٹ 25)، کوٹلی 28،گڑھی دوپٹہ 21 ملی میٹر بارش ہوئی۔
خیبرپختونخوا کے علاقے مردان 81، بنوں 41، بالاکوٹ 36، کاکول 25، پشاور 22، باچا خان ایئرپورٹ 20، چراٹ 11، پتن 10، دیر (اوپر 08، لوئر 02)، مالم جبہ، سیدو شریف 03، ڈی آئی خان ایئرپورٹ02، بلوچستان: بار خان 33، خضدار 20، ژوب 18، لسبیلہ، اورماڑہ 02 اور سمنگلی میں 01ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
گزشتہ روز کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت
گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت میں دالبندین اور نوکنڈی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جیکب آباد اورنورپور تھل میں45 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب کا الرٹ
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شدید بارشوں کے باعث صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 اور واسا کو الرٹ کر دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں شدید بارشوں کے باعث صوبائی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو1122 اور واسا کو24 گھنٹے الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور نکاسی آب کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور جتنی جلدی ممکن ہو، نکاسی آب کے کام کو مکمل کیا جائے۔
انہو ں نے کہا کہ متعلقہ افسران اور اسٹاف کم سے کم وقت میں پانی کی نکاسی یقینی بنائے۔ ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو وضع کردہ پلان کے مطابق متعین وقت میں یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے کام میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹریفک کی روانی کے لیے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے فعال انداز میں فرائض سرانجام دیے جائیں۔
انتظامی افسران اور واسا حکام نکاسی آب کا کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں، خدانخواستہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فی الفور امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں۔