کراچی: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام فنڈز کی تقسیم کے دوران بھگدڑ ، 21 خواتین زخمی

پیر 26 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) گراؤنڈ میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے فنڈز کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم از کم 21 خواتین زخمی ہو گئیں ہیں جب کہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

جیکسن تھانے کے ہاؤس اسٹیشن آفیسر (ایس ایچ او) بابر حمید نے بتایا ہے کہ زخمی خواتین کو سول اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی اسپتال  میں لائی گئی زخمی خواتین کی فہرست میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ واقعہ کے بعد طبی امداد کے لیے 21 خواتین کو اسپتال میں لایا گیا ہے۔

ایس ایچ او حمید کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ ( کے پی ٹی ) گراؤنڈ میں تقریباً 2,000 سے 3,000 خواتین فنڈز لینے پہنچی تھیں۔ انہوں نے شبہہ ظاہر کیا کہ گراؤنڈ کے مین گیٹ کا تالا ٹوٹا ہوا تھا جس کی وجہ سے خواتین کی بڑی تعداد اندر داخل ہوئی جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پورے کیماڑی ضلع کے لیے صرف ایک بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینٹر کے پی ٹی گراؤنڈ میں رکھا گیا ہے، جہاں مچھر کالونی، مشرف کالونی، کھارادر اور میٹھادر سے خواتین فنڈز لینے آتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ پولیس حکام اور ضلعی انتظامیہ واقعے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں اور صورتحال پر قابو پا لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں شدید گرمی کی وجہ سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی )کے تحت رقوم کی تقسیم دو دن کے وقفے کے بعد پیر کو دوبارہ شروع کی گئی تھی۔

اس سے قبل سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کے ترجمان کے حوالے سے سرکاری طور پر اعلان کیا گیا تھا کہ ادائیگیوں کا عمل بدھ تک جاری رہے گا اور عیدالاضحیٰ کے بعد 3 جولائی کو دوبارہ شروع ہوگا۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی ) 2008 میں شروع کیا گیا جس کے تحت ضرورت مندوں کو کیش ہینڈ آؤٹ فراہم کیا جاتا ہے ۔

واضح رہے کہ ناقص انتظامات کے باعث ماضی میں بھگدڑ مچنے کے متعدد واقعات ہو چکے ہیں جن میں کئی انسانی جانوں کا ضیاح بھی ہوا۔

اس سے قبل بھی کراچی میں ایک فیکٹری کے احاطے میں ضرورت مندوں میں کھانے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے ایک بڑا حادثہ پیش آیا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 11 معصوم شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

دوسری جانب اس سال حکومتی اسکیم کے تحت مفت آٹا تقسیم کرنے والی جگہوں پر بھی بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے تھے ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp