فوجی افسران کیخلاف کارروائی کی تشہیر عمران خان اور عدلیہ کے لیے واضح پیغام

منگل 27 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے پیر کو اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے ورنہ کل کوئی بھی گروہ یہی عمل دُہرا سکتا ہے۔

فوجی ترجمان کی جانب سے سانحہ 9 مئی کی پاداش میں 3 فوجی افسران کو نوکری سے برخاست کرنے اور 3 میجر جنرلز، 7 بریگیڈیئرز سمیت 15 افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی تشہیر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے ہمنواؤں کے لیے واضح پیغام ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں براہِ راست ملوث ہونے والوں سمیت منصوبہ ساز بھی بچ نہیں سکیں گے۔

وی نیوز سے منسلک صحافی وسیم عباسی نے بھی پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) سے وابستہ رہنما رہائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہیں، پارٹی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہیں اس کے بعد انکو کلین چٹ دے دی جاتی ہے، اس عمل کے بعد عوام میں یہ تاثر بڑھ رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی ایما پر یہ سب ہو رہا ہے آپ اس کو کس طرح دیکھتے ہیں؟۔

جواب میں میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ کوئی سیاسی لیڈر پارٹی چھوڑے یا نا چھوڑے یہ اس کا ذاتی فعل ہے اور اس کا سانحہ 9 مئی کی تحقیقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

فوجی ترجمان کی پریس بریفنگ کے تناظر میں ’وی نیوز‘ نے اس سوال کا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کس تناظر میں تھی اور کیا سانحہ 9 مئی کے ملزمان کے ٹرائل فوجی عدالتوں میں چلیں گے یا نہیں؟۔

فوجی ترجمان نے پیغام دیا ہے کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی: سید محمد علی

قومی سلامتی کے ماہر سید محمد علی نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس نے نہ صرف سانحہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، حکم دینے والوں، حوصلہ افزائی اور سہولت فراہم کرنے والوں کو ایک ٹھوس اشارہ دیا ہے بلکہ حکومت اور عدالتی نظام پر بھی واضح کردیا ہے کہ جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری نہیں کیں فوج نے ان کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف بلاتفریق تادیبی کارروائی کرلی ہے۔

سید محمد علی کا کہنا تھا کہ اس طرح فوج نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ 9 مئی واقعات کے ذمہ داروں کے عہدوں، رشتہ داریوں اور سینیارٹی سے قطع نظر انہیں جوابدہ بھی ٹھہرادیا گیا ہے لہٰذا پاکستان کی حکومت اور عدالتی نظام بھی اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ ہر قسم کے مفادات، دباؤ یا سیاسی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قانونی عمل مکمل کریں تاکہ ہمارے قومی سلامتی کے مفادات کا تحفظ ہو اور مستقبل میں کوئی بھی ایسی ریاست مخالف سرگرمیوں کی کوشش نہ کرے۔

ترجمان کی پریس بریفنگ سے لگا کہ فوج کا غصہ ٹھنڈا نہیں ہوا: انصار عباسی

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا کہ فوجی ترجمان نے اپنی پریس بریفنگ میں عمران خان کا نام لیے بغیر یہ بتایا ہے کہ 9 مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ چیئرمین پی ٹی آئی ہی ہیں۔

انصار عباسی کے مطابق فوجی ترجمان کی پریس بریفنگ سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ فوج کا غصہ ابھی تک ٹھنڈا نہیں ہوا۔

سینیئر تجزیہ کار نے بتایا کہ فوجی ترجمان نے اپنی بریفنگ میں دوسرا پیغام جوڈیشری کو دیا ہے کہ 102 ملزمان کے خلاف فوجی عدالتوں میں ٹرائل قانون کے مطابق ہو رہے ہیں۔

فوج چاہتی ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے: سہیل وڑائچ

سینیئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے فوجی ترجمان کی پریس بریفنگ پر اپنا تجزیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج چاہتی ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ دوبارہ کوئی ایسا کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ دوسرا تمام سیاسی جماعتوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ آئندہ ایسا کچھ بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سہیل وڑائچ کے مطابق فوج نے اپنے افسران کے خلاف کارروائی کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ اگر کوئی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرے گا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp