امریکا کے شہر شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک سبز رنگ کا غیر ملکی پرندہ اچانک ٹرمینل میں داخل ہوگیا اور مسافروں سمیت ایئرلائن عملے کے ساتھ لڑنے لگا۔
یہ بھی پڑھیں: طوطا ’اسپوڈلز‘ دنیا کا معمر ترین زندہ پیراکیٹ قرار، گنیز بک میں نام شامل
غیر ملکی خبر رساں ادارے یو پی آئی کے مطابق یہ واقعہ 13 اکتوبر کو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 5 میں پیش آیا، جہاں ایئر فرانس کے چیک اِن کاؤنٹر کے قریب پرندے کو گھومتے دیکھا گیا۔ پرندہ ممکنہ طور پر طوطا تھا، جو مسافروں کے سروں اور سامان پر بیٹھتا رہا۔
واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب بھی کوئی شخص پرندے کو پکڑنے یا اسے چھونے کی کوشش کرتا تو وہ جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے چونچیں مارنے لگتا۔
View this post on Instagram
ایئرپورٹ کے ملازم پیرس ایلبَرٹ نے بتایا کہ پرندہ ایک کھلے دروازے سے اندر داخل ہوا تھا۔ ان کے مطابق متعدد افراد نے اسے پکڑنے کی کوشش کی، لیکن جب بھی کوئی اسے قابو کرنے یا پیار سے پکڑنے کے لیے آگے بڑھتا تو پرندہ بھاگنے کے بجائے لڑنے لگتا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں طوطوں کی رجسٹریشن کے لیے ڈیجٹل ایپ تیار، اب سے طوطا پالنے کی فیس بھی دینا ہوگی
پیرس ایلبَرٹ نے امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس شکاگو کو بتایا کہ بالآخر ایک صفائی کرنے والے ملازم نے اپنی قمیض کی مدد سے پرندے کو پکڑ لیا۔
بعد ازاں پرندے کو جانوروں کے ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا، جہاں اس کا معائنہ کیا گیا اور اس کے جسم میں نصب مائیکروچپ کی موجودگی جانچنے کا عمل بھی کیا گیا۔










