چمن میں قیدیوں کا بلوا: ڈپٹی جیلر سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی، ایک قیدی ہلاک، 14 فرار

جمعرات 29 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چمن سب جیل سے پولیس پر حملے کے بعد 14 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ قیدیوں کے حملے میں ڈپٹی جیلر سب جیل سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی مارا گیا۔

ایس پی چمن نعیم اچکزئی نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ معمول کے مطابق قیدیوں کو گنتی کے لیے صبح فجر کے وقت اپنی بیرکوں سے نکالا گیا اس دوران چند قیدیوں نے دو پولیس اہلکاروں پر دھاوا بول دیا اور اسلحہ چھین کر 17 قیدیوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اس دوران پولیس اور فرار ہونے والے قیدیوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ایس پی چمن نعیم اچکزئی کے مطابق فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک 2 زخمی جبکہ 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال چمن منتقل کیا گیا۔

ایس پی چمن کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے  14 قیدیوں کی تلاش کے لیے اعتراف میں چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت رونما ہوا جب چمن سب جیل میں قیدیوں کو نمازِ عید کے لیے نکالا جا رہا تھا۔

پولیس کے مطابق بیرکوں سے نکالے جانے دوران بیرک نمبر 4 کے قیدیوں نے پولیس پر حملہ کرکے انہیں زد و کوب کیا اور ان کا اسلحہ چھین لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق چمن سب جیل سے فرار ہوتے ہوئے قیدیوں کی فائرنگ سے ڈپٹی جیلر سب جیل سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی مارا گیا اور 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے فرار ہونیوالے قیدی سنگین مقدمات میں گرفتار کئے گئے تھے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp