سویڈن میں قرآن نذر آتش کرنے کا واقعہ: پاکستان سمیت اسلامی ممالک کا شدید ردعمل

جمعرات 29 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سویڈن میں ایک مسجد کے باہر قرآن پاک سرعام نذرآتش کرنے کے مذموم اور مکروہ فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جمعرات کو دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار اور احتجاج کی آڑ میں امتیازی سلوک، نفرت اور تشدد کے لئے اس طرح کے جان بوجھ کر اکسانے کے اقدام کو جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔

بیان کے مطابق بین الاقوامی قانون کے تحت ریاستوں کا فرض ہے کہ وہ مذہبی منافرت کی کسی بھی وکالت پر پابندی عائد کریں جو تشدد کو بھڑکانے کا باعث بنے، مغرب میں گزشتہ چند ماہ کے دوران اس طرح کے اسلامو فوبک واقعات کا ہونا اس قانونی فریم ورک پر سنگین سوال اٹھاتا ہے جو نفرت پر مبنی کارروائیوں کی اجازت دیتا ہے۔

بیان میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ آزادی اظہار اور رائے کا حق نفرت کو ہوا دینے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کا لائسنس فراہم نہیں کرتا۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ واقعہ پر پاکستان کے تحفظات سویڈن تک پہنچائے جا رہے ہیں، ہم ایک بار پھر زور دیتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری اور قومی حکومتوں دونوں پر لازم ہے کہ وہ زینو فوبیا، اسلامو فوبیا اور مسلم دشمنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لئے قابل اعتماد اور ٹھوس اقدامات کریں۔

علاوہ ازیں سعودی عرب، مراکش اور ترکیہ نے بھی قرآن پاک کے اوراق نذر آتش کرنے کے اس گھناؤنے اور اشتعال انگیزی پر مبنی فعل کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بار بار کی جانے والی نفرت انگیزی پر مبنی ان کارروائیوں کے لیے کوئی بھی جواز قابل قبول نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp