پاکستانی ڈراموں کی کہکشاں کا ایک اور سورج غروب، شکیل دنیا چھوڑ گئے

جمعہ 30 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈراموں کی پہچان اور ملک کے ویٹرن و معروف اداکار شکیل کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 85 برس تھی اور انہوں نے سوگوران میں بیٹا، بیٹی اور اپنے ان گنت مداحوں کو چھوڑا۔

شکیل کا اصل نام یوسف کمال تھا۔ ان کے انتقال کی اطلاع ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ میں دی گئی جس کے مطابق مرحوم کے ورثا نے اس اندوہناک خبر کی تصدیق کردی ہے۔ وہ طویل عرصے سے جوڑوں کی تکلیف میں مبتلا تھے اور کچھ دنوں سے کراچی کے سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ اپنی گرتی صحت اور بیماری کے باعث خالق حقیقی سے جاملے۔

اداکار شکیل احمد نے پی ٹی وی پر نشر ہونے والے متعدد لازوال ڈراموں میں اپنے کمال فن کا مظاہرہ کیا۔

معروف لیجنڈری اداکار یوسف کمال عرف شکیل احمد 29 مئی 1938 کو بھوپال میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے متعدد مشہور ڈراموں میں لازوال کام کیا جن میں انکل عرفی، شہزوری، زیر زبر پیش،آنگن ٹیڑھا اور ان کہی بھی شامل ہیں۔ انہوں نے متعدد فلموں میں بھی کام کیا بلکہ انہوں نے اپنے شاندار کیریئر کا آغاز ہی بڑی اسکرین سے کیا تھا اور ان کی پہلی فلم ہونہار تھی جو سنہ 1966 میں رلیز ہوئی تھی۔

شکیل نے اپنی بے عیب اداکاری کے ذریعے مختلف ٹیلی ویژن ڈراموں میں اپنے یادگار کرداروں کے سبب بے پناہ شہرت حاصل کی اور پی ٹی وی کے ڈراموں کو بھی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اونچے مقام پر براجمان کروایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp