صوبائی دارالحکومت پشاور میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے 10 برس مکمل ہونے پر 5 جولائی کو ہونے والے بین الاقوامی سیمینار کے انعقاد کے لیے تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
چینی ثقافتی مرکز چائنا ونڈو کے زیر اہتمام ہائیر ایجوکیشن کمیشن، کے پی سرمایہ کاری بورڈ اور آئی ایم سائنسز کے اشتراک سے منعقد ہونے والے سیمینار میں سی پیک کی افادیت سے متعلق مقالے پیش کئے جائیں گے۔
سیمینار میں 4 سیشنز ہوں گے جن میں زندگی کے مختلف شعبوں سے مایہ ناز شخصیات پاک چین دوستی کے اس عظیم منصوبے پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔ سیمینار میں ان پاکستانی اور چائنیز کمپنیوں کو ایوارڈز سے بھی نوازا جائے گا جنہوں نے سی پیک منصوبوں میں کثیر سرمایہ کاری کی اور لوگوں کی بڑی تعداد کو روزگار فراہم کرنے کے علاوہ پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
چائنا ونڈو کے منتظمین کے مطابق یہ پشاور میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد سیمینار ہو گا جس میں سی پیک کے 10 برس مکمل ہونے پر مقررین منصوبے کے تصور سے حقیقت میں ڈھلنے تک کے سفر پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ سیمینار میں پاک چائنا راہداری سے جڑے مختلف منصوبوں کی ویڈیوز بھی دکھائی جائیں گی۔












