شام میں پاکستان کے سفیر شاہد اختر نے کہا ہے کہ شام پاکستان میں صنعتی شعبے کی ترقی سے استفادہ کر سکتا ہے۔ شام ادویات، طبی مواد، جراحی کے آلات بشمول دانتوں کے علاج میں استعمال ہونے والے آلات کے ساتھ ساتھ زرعی آلات، بھاری مشینری اور کھیلوں کے سامان کی تیاری میں اب تک کی گئی ترقی سے مستفید ہوسکتا ہے۔
شامی خبر رساں ادارے سانا کے مطابق پاکستان کے سفیر شاہد اختر ان خیالات کا اظہار دمشق چیمبر آف انڈسٹری کے چیئرمین غزوان المصری سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان صنعت و تجارت کے شعبوں میں تعاون کو ترقی دینے اور مشترکہ سرمایہ کاری اور شراکت داری کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دمشق چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے دوران غزوان المصری نے اس بات پر زور دیا کہ چیمبر پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، اس کے علاوہ دمشق چیمبر دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعت کاروں کے درمیان رابطے میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ہر ضروری سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مختلف فورمز پر پاکستان کی طرف سے شام کی حمایت کو بھی سراہا۔