توشہ خانہ کیس: عمران خان کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار

پیر 3 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے درخواستوں کی سماعت کسی دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا کی ہے اور کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ مذکورہ بینچ سے شفاف اور غیر جانبدارانہ سماعت اور فیصلے کا حق حاصل نہیں ہو گا۔

عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں عمران خان نے استدعا کی ہے کہ چیف جسٹس زیر سماعت کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے کسی دوسرے بینچ کو منتقل کردیں۔ ’میں اس سے پہلے بھی اپنے مقدمات میں کئی اہم قانونی و آئینی سوالات اٹھا چکا ہے‘۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے اس بات کا پختہ یقین ہے کہ مذکورہ بینچ  منصفانہ اور غیر جانبدارانہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔

عمران خان نے چیف جسٹس ہائیکورٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے متعدد مواقع پر میرے خلاف ذاتی اور دیگر وجوہات کی بنا پر خلافِ قانون فیصلے دیے۔ متعدد جھوٹے مقدمات میں بذریعہ ویڈیو لنک پیشی کی درخواستوں کو طبی وجوہات کے باوجود بار ہا مسترد کیا گیا۔

عمران خان کے مطابق انہیں غیر معقول وجوہات کی بنا پر انصاف تک رسائی کے بنیادی حق سے محروم کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتاری کو غیر قانونی نہ قرار دینا بھی خلافِ قانون فیصلے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ مذکورہ چیف جسٹس نے ایک اہم کیس کے فیصلے کو بغیر کسی جواز کے ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی اجازت نہ دی۔ حال میں ایک  جج کے سیکیورٹی خدشات پر ضمانت کی درخواست دوسری عدالت منتقل کرنے پر چیف جسٹس نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی۔

عمران خان نے کہا ہے کہ معزز چیف جسٹس کی کارروائی سے ان مسائل پر غیر جانبداری سے غور کرنے کی صلاحیت پر سنگین سوالات اٹھیں گے۔ انصاف، غیر جانبداری کے اصول اور قانونی طرزِ عمل کا تقاضا ہے کہ چیف جسٹس کیسز کی سماعت سے علیحدگی اختیار کر لیں۔

عمران خان نے کہا کہ درخواست ہے کہ مقدمات کو قانون کے مطابق آگے بڑھانے کے لیے کسی دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp