پاکستان کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کریں گی

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیمیں انگلینڈ اور پاکستان آئندہ سال مئی میں انگلینڈ میں مدمقابل ہوں گی جہاں ان دونوں کے درمیان 4 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ پاکستان مینز ٹیم کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم بھی آئندہ سال مئی میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ اس دورے میں وہ 3 ٹی 20 انٹرنیشنل اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔

پستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے علاوہ ہالینڈ اور آئر لینڈ میں بھی ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا دورہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہوگا جو آئندہ سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹی 20 میچوں کی یہ سیریز 22 سے 30 مئی تک کھیلی جائے گی جس کے بعد دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے روانہ ہو جائیں گی۔ پہلا میچ 22 مئی کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ ایجبسٹن برمنگھم میں 25 مئی کو ہوگا۔ تیسرا میچ کارڈف میں 28 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ لندن کا اوول گراؤنڈ 30 مئی کو چوتھے میچ کی میزبانی کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال میلبورن میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ ایک اوور باقی رہتا تھا۔ عالمی ایونٹ سے قبل پاکستان نے انگلینڈ کی 7 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں میزبانی کی تھی، کراچی اور لاہور میں کھیلی گئی سیریز انگلینڈ نے 4-3 سے جیت لی تھی۔

انگلینڈ اسوقت ٹی 20 کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان 5 پوائنٹس پیچھے چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز سے قبل ہالینڈ میں 3 ٹی 20 انٹرنیشنل اور آئرلینڈ میں 2 ٹی 20 انٹرنیشنل بھی کھیلے گی دونوں سیریز کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم دورے کا آغاز 11 مئی کو ایجبسٹن برمنگھم میں پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل سے کرے گی۔ اگلے 2 ٹی 20 انٹرنیشنل 17 مئی کو نارتھمپٹن اور 19 مئی کو ہیڈنگلے لیڈز میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 23 مئی کو ڈربی میں کھیلا جائے گا۔ 26 مئی کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ٹاؤنٹن میں ہوگا جبکہ 29 مئی کو چیمسفرڈ تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل کی میزبانی کرے گا۔

آئی سی سی کی ویمنز ٹی 20 رینکنگ میں انگلینڈ کا نمبر دوسرا ہے جبکہ پاکستان کی رینکنگ ساتویں ہے۔ پاکستان اسوقت آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2022 میں 10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ کی پوزیشن 6 پوائنٹس کے ساتھ اسوقت ساتویں نمبر ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے ابھی تک ایک سیریز کم کھیلی ہے اور وہ چیمپئن شپ میں اپنی تیسری سیریز 12 سے 18 جولائی تک آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے والی ہے۔

دوسری جانب چیمپئن شپ میں انگلینڈ کیخلاف پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی یہ آخری سیریز ہوگی۔ اس سے قبل وہ جنوبی افریقہ کے خلاف یکم سے 14 ستمبر تک کراچی میں سیریز کھیلے گی جس کے بعد اسے اکتوبر نومبر میں بنگلہ دیش، نومبر دسمبر میں نیوزی لینڈ اور اپریل مئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہے۔

ابتک پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چیمپئن شپ میں 3 سیریز کھیلی ہیں اس نے سری لنکا کو 2 ایک سے اور آئرلینڈ کو 3 صفر سے ہرایا ہے جبکہ ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف اسے 3 صفر سے شکست ہوئی ہے۔

پاکستان کا دورۂ انگلینڈ 2024ء : خواتین سیریز

11 مئی: پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل، ایجبسٹن۔
17 مئی: دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل، نارتھمپٹن۔
19 مئی: تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل، ہیڈنگلے لیڈز۔
23 مئی: پہلا ون ڈے انٹرنیشنل، ڈربی۔
26 مئی: دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل، ٹاؤنٹن۔
29 مئی: تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل، چیمسفرڈ۔

پاکستان کا دورۂ انگلینڈ 2024ء : مینز سیریز

22 مئی: پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل، ہیڈنگلے لیڈز۔
25 مئی: دوسرا ٹی 20 انٹرنیشنل، ایجبسٹن برمنگھم۔
28 مئی: تیسرا ٹی 20 انٹرنیشنل، سوفیا گارڈنز کارڈف۔
30 مئی: چوتھا ٹی 20 انٹرنیشنل، دی اوول لندن۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp