سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے بھارت میں ہونے والے کرکٹ ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کی فیورٹ ٹیم پاکستان کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جن پر اعتماد کیا جا سکتا ہے، یہ کھلاڑی 50 اوورز کے میچ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف پرفارم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت میں پچز کی کنڈیشن پاکستان کی پچز کے ساتھ مماثلت رکھتی ہیں، چونکہ قومی کرکٹ ٹیم ہر طرز کی کرکٹ کے لیے بھرپورتیاری رکھتی ہے امید کی جا سکتی ہے کہ ٹیم ورلڈ کپ جیت کر لائے گی۔
مزید پڑھیں
عاقب جاوید کا کہنا تھاکہ قومی ٹیم بھارت جائے گی یا نہیں یہ تو حکومت نے طے کرنا ہے، تاہم ایشین کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کے بعد اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ قومی ٹیم بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے جائے گی۔
عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ کے اندر عدم استحکام کی فضا قومی کرکٹ کو متاثر کرے گی، ضروری نہیں ہے کہ بورڈ کا چیئرمین کوئی سابق کرکٹر ہی ہو البتہ جو بھی بورڈ کا چیئرمین ہو اسکا مینجمنٹ میں اچھا تجربہ ہونا چاہیے۔