نواز شریف واحد وزیر اعظم تھے جنہوں نے آئی ایم ایف سے جان چھڑائی، مریم اورنگزیب

بدھ 5 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ نواز شریف واحد وزیر اعظم تھے جنہوں نے آئی  ایم ایف سے قوم کی جان چھڑائی اور ملکی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ آج کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا یوم شہادت ہے، پوری قوم ملک کے اس ہیرو کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جس نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دشمن کو ناکو چنے چبوائے اور جام شہادت نوش کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہاکہ سی پیک جو نواز شریف اور چینی صدر شی چنگ پنگ کا عزم تھا اسکے آج 10 سال مکمل ہوچکے ہیں، سی پیک کے تحت ون بلٹ ون روڈ کا منصوبہ نوازشریف کا پاکستانی عوام کو تحفہ تھا جو نوازشریف کے ویژن کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ وزیراعظم شہبازشریف اتحادی حکومت کیساتھ ملکرمعیشت کی بحالی کے اقدام کررہے ہیں، نواز شریف نے ہی اکثریتی اتحادی جماعتوں کو اپنی حکومت بنانے کا مشورہ دیا اور ملک میں سیاسی استحکام کی بنیاد رکھی۔ جبکہ دوسری جانب لوگ ڈی چوک میں کھڑے ہوکرملک کو آگ لگانے کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عوام نے اعتماد کرکے نوازشریف کو تیسری بار ملک کا وزیراعظم بنایا، نوازشریف نے عوام کے اعتماد کی قدر کرتے ہوئے قوم کی بھرپور خدمت کی، ان کے دور میں ترقی کی شرح ملکی تاریخ میں سب سے اوپر تھی اور ڈیفالٹ کا خطرہ ختم ہوچکا تھا۔

انکا مزید کہنا تھاکہ نوازشریف کو نااہل کرکے قوم کے خلاف سازش کی گئی، ملک کی خدمت  کرنے والےکو نااہل کیا گیا اور کچھ سازشی عناصر نےنالائق ٹولے کو ملک پر مسلط کر دیا جس نےعوام کو بیروزگاراور ملکی معیشت کو تباہ کر دیا۔

’پانامہ کو اقامہ میں تبدیل کرناعوام سے دشمنی کرنے کے لیے تھا۔‘

مریم اورنگزیب نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں مہنگائی ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پر تھی، 2013 اور 2017 کے درمیان ملک میں 14ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کی گئی جبکہ گزشتہ حکومت نے 4 سال تک سی پیک کو معطل رکھا اور کوئی نیا منصوبہ قوم کو نہیں دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp