سی پیک منصوبے پر حقیقی کام تحریک انصاف کے دور میں ہوا، ترجمان پی ٹی آئی

بدھ 5 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رؤف حسن نے مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر حقیقی کام پی ٹی آئی کے ساڑھے 3 سالہ دور حکومت میں ہوا، مغربی راہداری کی تعمیر، زراعت و آئی ٹی وغیرہ جیسے شعبوں کی شمولیت سے سی پیک کی توسیع کا کام بھی تحریک انصاف کے دور میں ہی ہوا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق مجرموں کا ٹولہ اپنے بدزبان وزیروں کے ذریعے بیک وقت عدلیہ اور فوج کو بدنام کرنے کی مہم چلا رہا ہے، یہ لوگ جن کو سازشی ٹولہ کہہ رہے ہیں انہی کے اشاروں پر عدم اعتماد کی سازش کا حصہ بنے ہیں۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق حکومت اور اتحادی مل کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، جاہلوں کا گروہ سیاسی بیانیے کی آڑ میں قوم کو خرافات کے جال میں پھانسنے کی کوششیں کررہا ہے۔

’جس بھگوڑے مجرم کو مسیحا بنا کر پیش کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں وہ آمریت کی نرسری میں پلنے والا ایک بزدل، کرپٹ اور نااہل شخص ہے۔‘

رؤف حسن کا کہنا تھاکہ قوم کو لوٹنے اور بچوں کے نام دولت اور جائیدادوں کے انبار لگانے والے بددیانت شخص نے اسمبلی میں کھڑے ہوکر 2 مرتبہ جھوٹ بولا، پانامہ جے آئی ٹی نے ثبوت مانگے تو پورا ٹبر قطری خطوط اور کیلبری جیسے فراڈز کے علاوہ کچھ نہ پیش کرسکا۔

انہوں نے کہاکہ یہ شخص جب حکومت میں تھا تو ڈان لیکس کرواتا رہا، حکومت سے نکلا تو جلسوں میں عسکری قیادت کو معطون کرتا رہا، مافیا کا یہ بھگوڑا سربراہ لندن میں بیٹھ کر مسلسل ملک دشمن کرداروں کے ساتھ مل رہا ہے اور پاکستان کیخلاف سازشیں کررہاہے۔

’این آراو کے لیے انہیں کرداروں کے سامنے سجدہ کیا جنہیں جلسوں میں گالیاں دیا کرتے تھے۔‘

انکا مزید کہنا تھاکہ اس شخص نے اپنی چوری بچانے کے لیے نیب کو تباہ کروایا اور اب مقتدرہ کے ساتھ ساز باز سے اپنی واپسی چاہتا ہے۔

رؤف حسن نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود 70 فیصد پاکستان کو انتخاب سے محروم کرنے کے منصوبے کے سہولتکاروں کو ٹی وی پر بیٹھتے ہوئے شرم آنی چاہیے، ریاستی قوت سے میڈیا کا گلا گھونٹ کر چوروں کو جھوٹ کی آزادی دینے والے ریاستی فیصلہ ساز اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کریں۔

انہوں نے کہاکہ بند کمروں میں سازشوں کے جال بننے والے ملک و قوم سے مزید انتقام لینا بند کردیں اور جلد از جلد انتخابات کروائے جائیں اور عوام کو اپنی مرضی کا فیصلہ کرنے دیا جائے۔

گلگت بلتستان میں وزیر اعلٰی کے انتخاب کا معاملہ

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کونسل کے اجلاس کو بزور جبر رکوانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔

ترجمان کے مطابق پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے عوام کی واحد منتخب اکثریتی نمائندہ قوت ہے، اس وقت تمام منتخب اراکین اسمبلی، ہال میں موجود ہیں اور پاکستان تحریک انصاف راجہ اعظم کو متفقہ طور پر اپنا امیدوار نامزد کرچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے اسمبلی اجلاس کی کارروائی کے آغاز کو روکا جا رہا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کی فیصلہ کن کامیابی کے روشن امکانات سے سازشی عناصر شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

’سازشی عناصر کم از کم سات روز تک اسمبلی اجلاس رکوانا چاہتے ہیں۔‘

رؤف حسن نے کہاکہ ریاستی مشینری اور قوت کے بدترین استعمال کے ذریعے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، سابق وزیر اعلٰی خالد خورشید سمیت تحریک انصاف کے منتخب اراکین کی گرفتاریوں اور شرمناک ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

انکے مطابق ریاستی مشینری کے غیر قانونی اور قابل مذمت استعمال کے ذریعے اسمبلی ہال کو بزور جبر خالی کروانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں آئین، جمہوریت اورعوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین آئین کی محافظ عدلیہ کے لیے بڑا امتحان ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف دھونس، غنڈہ گردی، ضمیروں کی خریدو فروخت اور ریاستی مشینری کے شرمناک استعمال کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو پامال کرنے کی کوششوں کا آخری دم تک مقابلے کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp