رمیز راجا کی کمنٹری باکس میں واپسی، اب ایشیا کپ بہت دلچسپ ہو جائے گا

جمعرات 6 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شاہین شاہ آفریدی یو بیوٹی! اب آپ پھر سے یہ الفاظ سن سکیں گے۔

کرکٹر سے کمنٹیٹر اور کمنٹیٹر سے چیئرمین پی سی بی  بننے کا سفر طے کرنے والے رمیز راجا اب پھر سے کمنٹیٹر بننے والے ہیں۔

آنے والے دنوں میں رمیز راجا ریڈ بال سیزن کے دوران اپنی سحر انگیز آواز اور کھیل کے بارے میں وسیع علم سے شائقین کرکٹ کو خوش کریں گے۔

رمیز راجا کا شمار آئی سی سی کے ایلیٹ کمنٹری پینل میں ہوتا ہے تاہم انہوں نے پی سی بی چیئرمین بننے کے بعد کمنٹری کرنا چھوڑ دی تھی۔

عمران خان کی حکومت ختم ہونے کے بعد پی سی بی کے پیٹرن ان چیف شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو ان کی جگہ تعینات کیا تھا۔  نجم سیٹھی نے آتے ہی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ  اگر رمیز راجا کمنٹری کرنا چاہیں گے تو ہم نہیں روکیں گے مگر رمیز راجا نے ان کے دور میں کمنٹری کرنا بھی پسند نہیں کی۔

رمیز راجا اس دوران اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے اپنے مداحوں سے رابطے میں رہے ہیں۔

 ذکاء اشرف کے چیئرمین پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی بننے کے بعد رمیز راجا نے اپنے ٹوئٹر پر کمنٹری باکس میں آنے کی خبر دے دی ہے۔

رمیز راجا رواں ماہ ہونے والی پاکستان بمقابلہ سری لنکا ٹیسٹ سیریز میں کمنٹری باکس میں نظر آئیں گے۔

رمیز راجا کی کمنٹری کے دنیا بھر میں مداح ہیں اور لاکھوں لوگ انہیں سننا چاہتے ہیں۔ ان کی کمنٹری باکس میں واپسی کی وجہ سے کرکٹ شائقین میں ایک خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

سابق پی سی بی چیئرمین کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اوہ، میں ابھی سے ہی خالی اسٹیڈیم سے زوردار تالیاں سن سکتا ہوں،  ایوارڈ یافتہ کمنٹری کا انتظار ہے۔

https://twitter.com/ReplyGPT/status/1676810373545230337

چوہدری فیصل رمضان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ خوش آمدید سر! ہم نے آپ کی بہت زیادہ کمی محسوس کی۔

ایک بھارتی ٹوئٹر صارف منیش ٹھاکر نے لکھا کہ نجم سیٹھی کے جاتے ہی کمنٹری میں واپسی، اب ایشیا کپ بہت دلچسپ ہوجائے گا کہ ہم روی شاستری اور رمیز راجا کو ایک ساتھ سن سکیں گے۔

عبدالوحید ربانی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ کرکٹ شائقین نے رمیز راجا کی سٹائلش کمنٹری اور مسکراہٹ کا بہت انتظار کیا۔

بطور چیئرمین پی سی بی، اپنے ایک سالہ دور میں ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے ایشیا کپ 2022ء اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں رمیز راجہ کی جگہ پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے سنبھالی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp