جنوبی کوریا میں ہر شہری کی عمر اچانک ایک یا 2 برس کم کیسے ہوگئی؟

جمعرات 6 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنوبی کوریا میں ہرشہری اب ایک یا دو سال چھوٹا ہوگیا ہے کیونکہ انہوں نے شہریوں کی عمر کا حساب رکھنے کا روایتی طریقہ ترک کرکے عالمی سطح پررائج طریقہ کار کو اپنا لیا ہے جس کے باعث تمام شہری اپنی عمروں سے ایک یا دو سال چھوٹے ہوگئے ہیں۔

عرب ٹی وی الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں عمر کا حساب رکھنے کے لیے جو روایتی طریقہ رائج تھا اس کے مطابق بچہ پیدا ہوتے ہی ایک سال کا ہو جاتا تھا، جبکہ ہر سال یکم جنوری کو عمر میں ایک اور سال کا اضافہ کر دیا جاتا تھا۔

جنوبی کوریا میں رائج اس روایتی طریقے میں بچے کا ماں کے پیٹ میں گزرنے والا عرصہ بھی اسکی عمر میں شمار کیا جاتا تھا اور روایتی طریقہ کار کے مطابق ہر برس یکم جنوری کو عمر میں ایک سال کا اضافہ کر دیا جاتا تھا۔

اس طرح جو بچے 31 دسمبر کو پیدا ہوتے تھے انکی عمر ایک سال ہوتی تھی لیکن ایک دن گزرنے کے بعد یکم جنوری کو وہ دو سال کے شمار کر لیے جاتے تھے، لیکن اب جنوبی کوریا میں بھی وہی سسٹم رائج کر لیا گیا ہے جو پوری دنیا میں چل رہا ہے۔

’پیدائش کے وقت صفر سے شروع کرنا اور ہر سالگرہ پر ایک سال کا اضافہ کرنا۔‘

جنوبی کوریا میں 1960 سے رائج طریقہ کار کے تحت ہی بڑی تعداد میں شہری اپنی عمر کا حساب رکھ رہے تھے، لیکن گزشتہ برس دسمبر میں ایک قانون منظورکیا گیا جس کے تحت عمر کا حساب رکھنے کے روایتی طریقے کو ترک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قانون سازی کے وزیر لی وان کیو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھاکہ ایک ساتھ سب کی عمروں کو بدلنا ایک مشکل عمل ہے جبکہ حکومت نے ستمبر 2022 میں ایک سروے کرایا جس میں 80 فیصد سے زائد شہریوں نے نئے قانون کے نفاذ کے ساتھ ہی عمر کا حساب رکھنے کے لیے بین الاقوامی اصول کو اپنانے کا اظہار کیا۔

الجزیرہ کے مطابق جب جنوبی کوریا کے شہریوں سے اس قانون کے اطلاق سے متعلق بات کی گئی تو انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک اچھا اقدام ہے۔

دوسری جانب خواتین نے اپنی عمریں کم ہونے پر خوشی کا اظہار کیا، مرد بھی اس قانون کے نافذ العمل ہونے پر خوش دکھائی دیے جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا تھاکہ وہ پہلے سے ہی دنیا میں رائج طریقہ کار کے مطابق چل رہے تھے اس لیے انکو اس قانون کے نافذ ہونے سے کچھ شیادہ فرق نہیں پڑا۔

واضح رہے جنوبی کوریا حکام کے مطابق فوج میں بھرتی ہونے اور اسکول میں داخلہ کرنے کے لیے فی الحال پہلے سے رائج روایتی طریقہ کار کے مطابق ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp