پاکستان ریلوے کے اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے کیس کی سماعت کے دوران انسداد کرپشن کی وفاقی عدالت نے ٹی وی نیوز چینل کے اینکر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
اسپیشل کورٹ سینٹرل ون کراچی کی جج ڈاکٹر شبانہ وحید نے اے آر وائی نیوز سے وابستہ اینکر اقرار الحسن کے بطور گواہ عدالت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔
اپنے تی وی پروگرام سرِ عام میں اینکر اقرار الحسن نے ریلوے کے اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں پر پروگرام نشر کیا تھا، جس کے بعد ریلوے حکام نے اقرار الحسن کو بطور گواہ مقدمے میں شامل کیا تھا۔ اقرار الحسن متعدد نوٹسز اور گرفتاری کے قابلِ ضمانت وارنٹ کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے ایس ایس پی ریلوے کو اقرار الحسن کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔ مقدمے میں ریلوے اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ میں تعینات اسسٹنٹ اکاؤنٹ آفیسر سرفراز نواز خان بطور ملزم نامزد ہیں۔