سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور نذر آتش کیے جانے کے خلاف کراچی میں جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے اس مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کے ڈاکٹر صابر مائیکل نے کہا کہ تمام مذاہب سے وابستہ افراد اس مذموم واقعے کے خلاف غم و غصّے کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں حکومت وقت اور تمام اسلامی ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سوئیڈن حکومت سے رابطہ کریں تاکہ اس واقعے کے ذمہ دار کو سخت سے سخت سزا دی جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام مذاہب قابل احترام ہیں، ہمیں دوسرے کے مذہب کا احترام کرنا چاہیے۔ ہمارا پیغام امن و محبت کا پیغام ہے، دنیا میں کسی بھی مذہب کی بے ہرمتی نہیں کرنی چاہیے۔
ڈاکٹر صابر مائیکل نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ کراچی میں رہنے والے منارٹی ونگ سے وابستہ مسیحی ، ہندو اور سکھ افراد بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے برموقع اور بر محل احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا۔