سپریم کورٹ آف پاکستان ( ایس سی پی) میں ایک اور خاتون جج کا اضافہ، جسٹس مسرت ہلالی جمعہ کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹس مسرت ہلالی کو بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان میں تعینات کر دیا گیا ہے اور وہ جمعہ کو صبح 9 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مسرت ہلالی سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے۔
واضح رہے کہ جسٹس عائشہ ملک کے بعد جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ کی دوسری خاتون جج ہوں گی۔ وہ اس سے پہلے پشاور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس رہ چکی ہیں۔
حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ کے سیریمونیئل ہال میں ہو گی۔ تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز، سنیر وکلا اور عدالتی افسران شریک ہوں گے۔