یومِ تقدیس قرآن: پی ٹی آئی کا احتجاج تعداد کے اعتبار غیر متاثر کن

جمعہ 7 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے بھی احتجاج کیا ہے، احتجاج میں پارٹی چیئرمین عمران خان شریک نہیں ہوئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے چیئرمین عمران خان نے بدھ کو عوام سے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں سے کہا تھا کہ وہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں ہونے والے احتجاج میں پھرپور شرکت کریں۔

عمران خان کی کال پر جمعہ کو لاہور میں جنرل پوسٹ آفس(جی پی او) چوک سے ریگل چوک تک مذمتی ریلی نکالی گئی۔

ریلی میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے پارٹی جھنڈوں کے ساتھ شرکت کی۔ پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں کارکنوں کی تعداد وہ نہیں تھی جو پہلے عمران خان کی کال پر ہونے والے کسی بھی احتجاج یا مظاہرے میں ہوا کرتی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکن بینرز، پوسٹر اور جھنڈے لے کر ریگل چوک پہنچے جہاں ان کے مقامی رہنماؤں نے مختصر خطاب کیا، جس کے بعد ریلی کے تمام شرکا ’تتز بتر‘ ہوگئے۔

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی ریلی میں دوسری اہم بات یہ تھی کہ اس میں شاہ محمود قریشی کے علاوہ پارٹی کی دیگر مرکزی قیادت میں سے کوئی بھی شریک نہیں ہوا بل کہ پارٹی چیئرمین عمران خان بھی کال دینے کے باوجود ریلی میں شریک نہ ہوئے۔

لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جھنڈے لہرانے لگے

قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلی کے شرکا جب ریگل چوک سے منتشر ہوئے تو وہ سیدھا زمان پارک پہنچ گئے، وہاں پر کارکنان کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ،کارکنان نے وہاں سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بازی اور ’عمران تیرے جان نثار بے شمار بے شمار ‘کے نعرے بھی لگائے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک کارکن نے بتایا کہ عمران خان کو مائنس کرنا ناممکن ہے عوام اب عمران خان کے ساتھ ہے، عمران خان کی آواز کو جتنا دبایا جائے گا، عوام اپنے لیڈر کے ساتھ اتنا ہی مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

کوئٹہ میں احتجاج

قرآن کی بیحرمتی کیخلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام احتجاج کیا گیا۔

صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ کی سربراہی میں پی ٹی آئی کارکنان نے منان چوک پر احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں سمیت پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی

اس دوران  کارکنان نے سوئیڈش حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما ڈاکٹر منیر بلوچ منان چوک کوئٹہ میں مظاہرین سے خطاب کر رہے ہیں۔

اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منیر بلوچ نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ہم واقع کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

9 مئی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا پہلا احتجاج

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اور کارکن نے کہا کہ اگرچہ آج کے احتجاج میں کارکنان کی تعداد کم ہے لیکن 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی نے پہلی بار پورے ملک میں کوئی سرگرمی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے، اگر سختیوں میں کچھ نرمی آئی تو پاکستان تحریک انصاف کے لوگ بھر پور طریقے سے مظاہرے کریں گے۔ اب بھی لوگ لاہور کی سڑکوں پر پارٹی پرچم لے کر نکلے ہیں اور پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp