بلوچستان: لاپتا 17 سالہ کوہ پیما واپس گھر لوٹ آیا

جمعہ 7 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان میں ہائکنگ پر جا کر لاپتہ ہونے والا 17 سالہ نوجوان کوہ پیما محمود الحسن خود ہی گھر واپس لوٹ آیا ہے۔

کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کے 17 سالہ رہائشی نوجوان کوہ پیما محمودالحسن پیر کی صبح کوئٹہ کے پہاڑی سلسلے مہردار میں قلعہ ابراھیم محمود آباد کے مقام سے لا پتا ہو گئے تھے، جس کے بعد ریسکیو حکام نے کوہ پیما کی تلاش کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔

پروونشل ڈیزآسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل جہانزیب خان نے کہا تھا کہ پروونشل ڈیزآسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے)کی ریسکیو ٹیم اورعملے نے متعلقہ پہاڑی سلسلہ میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کررکھا ہے۔

تاہم اس تلاش کے دورن جمعہ کو شام گئے بعد محمود الحسن خود ہی واپس گھر لوٹ آیا ہے۔

واضح رہے 17 سالہ محمودالحسن گھروالوں کو بتائے بغیر تن تنہا ہائکنگ کے لیے پہاڑی سلسلہ میں نکل گیا تھا، 2 دن گزرنے کے بعد بھی جب وہ واپس گھر نا آئے تو اس کے والدین نے پروونشل ڈیزآسٹر مینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے) آفس جا کر رپورٹ درج کروائی جس پر جمعرات اور جمعہ کو بھی ’پی ڈی ایم اے‘ کی ریسکیو ٹیموں نوجوان کوہ پیما کی تلاش جاری رکھی۔

ریسکیو ٹیم نے ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی ہر کھائی کی تہہ میں جاکر دیکھا، ہائکنگ ٹیموں کو بھی ساتھ لے کر ڈھونڈا مگر ان کا کہیں بھی کوئی سراغ نہ ملا۔

تاہم جمعہ کی شام کو اچانک محمود الحسن واپس گھر لوٹ آئے، گھر پہنچنے پر انہوں نے بتایا کہ انہوں نے محمود آباد پہاڑی سلسلے سے کولپور کے علاقے تک ہائکنگ کی اور اس کے بعد وہ واپس گھر آ گئے۔

واضح رہے کہ نوجوان کوہ پیما کی اس لاپرواہی سے نا صرف اس کے والدین کو اذیت سے دوچار ہونا پڑا بلکہ ’پی ڈی ایم اے‘ کی ٹیم بھی کئی مشکلات سے دوچار ہوئی۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر نے ہدایت جاری کی ہے کہ نوجوان جب بھی کہیں جائیں تو خاندان والوں کو بتا کر جائیں اور اکیلے جانے سے پرہیز کریں تاکہ اپنے خاندان سمیت حکومتی اداروں کو تشویش میں مبتلا نہ ہونا پڑے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp