پشاور کے علاقے دیر کالونی رنگ روڈ پر دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 سگے بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تھانہ رحمان بابا کی حدود غفورآباد ہزارخوانی میں فریق اول اخترعلی اور فریق دوم وحید کے مابین پلاٹ کے تنازع پر جرگہ کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 سگے بھائی شکیل خان، رفاقت خان، نثار خان اورچوتھے بھائی وحید خان ساکنان ہزار خوانی گولی لگنے سے جاں بحق جب کہ 2 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والے افراد میں 3 سگے بھائی شامل ہیں، جب کہ چوتھا شخص تحریک انصاف کا ناظم ہزارخوانی ملک وحید ہے۔
اطلاعات کے مطابق جرگے کے دوران معمولی تلخ کلامی ہوئی جو بعد میں بڑے تصادم کی شکل اختیار کر گئی۔ اس دوران مخالفین نے فائرنگ شروع کردی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدرمحمد علی مقامی پولیس کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ بعدازاں پولیس کی نگرانی میں نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھا کرلیے ہیں، جس کے بعد فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ان کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپہ مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔