نیوزی لینڈ کے حکام نے 30 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی تین ٹن کوکین برآمد کر لی جو بحر الکاہل پر تیر رہی تھی اور بعد ازاں آسٹریلیا اسمگل ہونی تھی۔
الجزیرہ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے شمال مغرب میں سینکڑوں کلومیٹر کی طرف بہتی ہوئی کوکین کی 81 گانٹھیں انٹیلی جنس معلومات پر کام کرنے والے مشترکہ آپریشن میں برآمد ہوئی۔
نیوزی لینڈ کی پولیس کے کمشنر اینڈریو کوسٹر نے بتایا کہ یہ نیوزی لینڈ کی ایجنسیوں کے ذریعے غیر قانونی منشیات کے خلاف سب سے بڑی کارروائی ہے۔
حکام کا خیال ہے کہ منشیات کو بحر الکاہل میں ایک “تیرتے ٹرانزٹ پوائنٹ” پر گرایا گیا تھا جہاں سے اسمگلر انہیں اٹھا کر آسٹریلیا لے جاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا لے جائی جانے والی کوکین کی یہ مقدار وہاں کی ایک سال کی کھپت کے لیے کافی تھی جبکہ اگر نیوزی لینڈ کی بات کی جائے تو یہاں اتنی کوکین 30 سال تک بھی استعمال ہوتی رہتی تو شاید ختم نہ ہوتی۔
گانٹھوں کو جال سے باندھ کر اسے پیلے رنگ کے فلوٹس میں ڈھانپ دیا گیا تھا جبکہ کچھ گانٹھوں پر بیٹ مین کی علامت بھی بنی ہوئی تھی جن کے اندر کوکین کے پیکٹوں پر لیبل لگا ہوا تھا۔
اس آپریشن کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا دونوں کی پولیس کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کوسٹر نے کہا کہ اس کارروائی نے جنوبی امریکہ میں کوکین تیار کرنے والوں اور اس کے تقسیم کاروں کو بڑا مالی دھچکا پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ یہ منشیات اس مقام پر لائی کہاں سے گئی۔

















