بھارت ایشیا کپ کے لیے نہ آیا تو پاکستان ورلڈ کپ سے دستبردار ہو جائے گا، احسان مزاری

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کھیلوں کے انچارج وزیر احسان مزاری نے کہا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کرکٹ کپ نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا مطالبہ کرتا ہے تو پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میچز کے لیے یہی مطالبہ کرے گا۔ اگر بھارت نے ایشیا کپ کے لیے سرحد پار جانے سے گریز کیا تو پاکستان 2023 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ سے دستبردار ہو جائے گا۔

معروف بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس کے نمائندے سندیپ دیویدی سے بات کرتے ہوئے کھیلوں کے انچارج وزیر احسان مزاری کا کہنا تھا کہ ‘چونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میری وزارت کے ماتحت آتا ہے اس لیے میری ذاتی رائے یہ ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کا مطالبہ کرتا ہے تو ہم بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میچز کے لیے بھی یہی مطالبہ کریں گے’۔

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ بیان پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے اکتوبر نومبر میں بھارت کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کے معاملے پر غور کرنے کے لیے ایک ہائی پروفائل کمیٹی تشکیل دیے جانے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔

احسان مزاری کا کہنا تھا کہ کمیٹی کی سربراہی وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کریں گے، کمیٹی میں 11 وزرا شامل ہیں۔ کمیٹی اس معاملے پر بات کرکے اپنی سفارشات وزیراعظم کو دے گی، جو پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں۔ اور بھارت جانے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے۔

احسان مزاری وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سربراہ بھی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی اگلے ہفتے کسی بھی وقت اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ یہ وہ وقت ہوگا جب پی سی بی کے نئے سربراہ ذکا اشرف جنوبی افریقہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بی سی سی آئی (بھارت کرکٹ بورڈ) کے سیکریٹری جے شاہ جو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ بھی ہیں، اسی میٹنگ کے لیے ڈربن میں موجود ہیں، ان کا ذکا اشرف سے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

اگرچہ ایشیا کپ کا شیڈول سامنے نہیں آیا ہے لیکن اطلاع ہے کہ اے سی سی میں عام اتفاق رائے ہے کہ ایونٹ کی میزبانی پاکستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر کریں گے جبکہ انڈیا اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گا۔ تاہم احسان مزاری کا کہنا تھا کہ وہ ’ہائبرڈ ماڈل‘ کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میزبان ہے تو اسے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا حق حاصل ہے۔ کرکٹ سے محبت کرنے والے بھی یہی چاہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے میں ہچکچاہٹ پریشان کن ہے۔ انڈیا کھیل میں بھی سیاست کر رہا ہے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ بھارتی حکومت اپنی کرکٹ ٹیم یہاں کیوں نہیں بھیجنا چاہتی، کچھ عرصہ قبل بھارت کا بیس بال کا ایک بڑا دستہ کھیلنے کے لیے اسلام آباد میں تھا۔ ’بریج‘ کی ٹیم بھی تھی جس نے پاکستان کا سفر کیا تھا، قریباً 60 سے زیادہ لوگ وہاں موجود تھے، میں اس تقریب کا مہمان خصوصی تھا، وہ جیتے اور واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کی فٹ بال، ہاکی اور شطرنج کی ٹیمیں بھی بھارت کا دورہ کر چکی ہیں۔

پاکستان میں کرکٹرز کی سیکیورٹی کے حوالے سےانڈیا کے دیرینہ تحفظات کے بارے میں پوچھے جانے پر احسان مزاری کا کہنا تھا کہ ‘یہ کوئی ٹھوس دلیل نہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم یہاں تھی، اس سے قبل انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں تھی۔ انہیں صدارتی سطح کی سیکیورٹی دی گئی تھی۔ ماضی میں بھی پاکستانی شائقین کی جانب سے بھارتی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سیکیورٹی ایک بہانہ ہے، ہم نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا بھی کامیاب انعقاد کیا جس میں بہت سارے غیر ملکی کھلاڑی شریک تھے۔

احسان مزاری نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت ٹاکرا ٹی وی پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کرکٹ میچوں میں سے ایک ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ صحت مند کرکٹ کھیلی جائے اور ہم بھارت سے مثبت ردعمل کی توقع کرتے ہیں۔

احسان مزاری کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ احمد آباد میں کوئی مسئلہ ہوگا، پاکستان اس سے پہلے بھی وہاں کھیل چکا ہے لیکن اس سے پہلے انڈیا کی جانب سے مثبت ردعمل آنا چاہیئے، بھارت کو بھی پاکستان میں کھیلنا چاہیئے۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف جنوبی افریقہ گئے ہیں، اب دیکھتے ہیں کہ وہاں کیا فیصلہ ہوتا ہے۔

آئی سی سی ماضی میں بھی پاکستان پر زور دے چکا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا دورہ کرے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور ہم توقع کرتے ہیں کہ وہ وہاں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ارکان کو اپنے ملک کے قوانین اور قواعد کی پاسداری کرنا ہوگی اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ پاکستان مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے انڈیا جائے گا۔

یاد رہے کہ احسان مزاری وزیراعظم شہبازشریف کی کمیٹی کے رکن بھی ہیں جو پاکستان کے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ کرنے کے لیے تشکیل دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp