اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا معاملہ ۔ ریڑھی بان اپنی فریاد لیکر تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پہنچ گئے۔ریڑھی بان ایسوسی ایشن کے وفد نے اسد عمر سے ملاقات کی ۔
ریڑھی بانوں نے احساس پروگرام کے تحت مہیا کئے گئے روزگار کو چھینے جانے کے خلاف سی ڈی اے آپریشن کی تفصیلات، درپیش مشکلات اور خاندانوں پر تباہ کن اثرات سے بھی آگاہ کیا۔
اسد عمر نے ریڑھی بانوں کے خلاف سی ڈی اے آپریشن کی مذمت کی اور ریڑھی بانوں کے معاملے کو سینیٹ سمیت ہر فورم پر اٹھانے کی یقین دہانی کروائی ۔ کہا امپورٹڈ حکومت غریبوں کو سہولیات دینے کے بجائے روزگار چھین رہی ہے۔
مزید کہا امپورٹڈ حکومت نے پنجاب میں صحت کارڈ سکیم بلاک کرکے بد ترین معاشی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا ہے،احساس پروگرام سے روزگار پانے والے ریڑھی بانوں کے خلاف آپریشن قابلِ مذمت ہے ۔
اسد عمر کا کہنا تھا غریب محنت کشوں کی آواز بنیں گے اور انہیں انصاف دلانے کیلئے جوکچھ بن پڑا کریں گے ، آپ عدالت سے رجوع کرنا چاہتے ہیں تو بھرپور معاونت فراہم کریں گے ، ذاتی طور پر بھی عدالت میں درخواست دینے کو تیار ہوں ۔
ریڑھی بان ایسوسی ایشن کے وفد کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت خصوصاً سیکرٹری جنرل اسد عمر کا شکریہ ادا کیا گیا ۔