کوئٹہ: موٹرسائیکل چھیننے کے دوران ملزمان کی فائرنگ، باپ بیٹا جاں بحق

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ کے علاقے قمبرانی میں موٹر سائیکل چھیننے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے ہیں۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر اتوار کی صبح نامعلوم مسلح افراد نے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ اس دوران راہ گیروں کی مزاحمت کرنے پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں باپ اور بیٹا موقع پر جاں بحق ہو گئے۔

واقعہ کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے مرنے والے باپ بیٹے کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا۔ مرنے والوں کی شناخت عبدالکریم اور اعجاز احمد کے ناموں سے ہوئی۔ علاقہ مکینوں اور اہل خانہ کی جانب سے قمبرانی روڈ پر احتجاج کیا گیا جس میں مظاہرین نے واردات میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو نے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر باپ بیٹے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

میر عبد القدوس بزنجو نے کہا کہ پولیس کو شہریوں کی جان ومال کو درپیش خطرات کو ختم کرنے کے لیے کارکردگی دکھانا ہوگی۔ شہری عدم تحفظ کا شکار اور شکایات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کے ذمہ داری ہے۔ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے پولیس کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پولیس پر عوام کا اعتماد ہر صورت بحال رکھنا ہو گا۔

آئندہ جہاں واردات ہو گی اس علاقے کے تھانہ انچارج کو معطل کیا جائیگا، عبدالقدوس بزنجو

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئی جی پولیس اور ڈی آئی جی کوئٹہ میں امن و امان کی بہتری کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ شہر کے سیکیورٹی پلان کو از سر نو مرتب کیا جائے۔ سیکیورٹی اہلکاروں کے گشت میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا موثر نظام قائم کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ جس تھانے کی حدود میں واردات ہو گی اس تھانہ انچارج کو معطل کر کے کارروائی کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp