سیاسی شدت پسندی کا کوئی واقعہ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوگا، مریم اورنگ زیب

اتوار 9 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ ’ چند عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کر رہے ہیں، ملک میں سیاسی شدت پسندی کا کوئی بھی واقعہ ہوا تو اس کا ذمہ دار عمران خان ہو گا۔

وزیر اطلاعات و نشریات نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ عمران خان کی ملک اور ریاست کے خلاف مہم وہی پرانی ہے، ایجنڈا ایک ہی ہے صرف چہرے بدل رہے ہیں۔9 مئی والا ایجنڈا بیرون ملک بیٹھی پراکسیز اور کٹھ پتلیوں کے ذریعے چلایا جا رہا ہے

انہوں نے کہا کہ ’ قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ۔ فارن ایجنٹ کا مرض لا علاج ہے۔یہ اقتدار سے محرومی کے بعد ’فومو‘(Fear of missing out) کی ذہنی کیفیت کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کچھ لوگ سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈے، الزامات، فساد اور سازشوں کی منصوبہ سازی میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کر دیا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف پرو پیگنڈا کرنے کی کسی بھی قیمت پر اجازت نہیں دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی بھی سیاسی انتہا پسندی یا مس ایڈونچر کا ذمہ دار9 مئی کا منصوبہ ساز ہوگا۔ توشہ خانہ کا ٹرائل شروع ہو رہا ہے، کرپشن کے ثبوت سامنے آ رہے ہیں اس لیے ایک اور سازش ہو سکتی ہے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ’ یہ پاگل اور ذہنی مریض ہے جسے پاگل خانے میں ہونا چاہیے ۔‘

انہوں نے کہا کہ کبھی سائیفر، کبھی راکٹ لانچر سے قاتلانہ حملہ، کبھی حوروں والے ٹیکے، کبھی حضرت عیسیٰ اور کبھی قرآن پاک کے حوالے سے بے ہودہ بیانات ان کے بیمار ذہنیت کا ثبوت ہیں ۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 2017  میں ہی بتا دیا تھا کہ یہ ذہنی مریض اور پاگل ہے جسے پاگل خانے میں ہونا چاہیے ۔ فتنہ ملک میں لاشیں، افراتفری اور فساد چاہتا ہے۔یہ شخص اپنی کرپشن، جھوٹ اور ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے سر پر بالٹی، ڈبہ اور ڈسٹ بن ڈال کر اوچھے ہتھکنڈے کرتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص نے افسران پر اپنے قتل کے جھوٹے الزام لگائے، ثبوت مانگا تو کہا کہ کوئی ثبوت نہیں لوگوں سے سنا ہے۔ اپنا جھوٹ، سازش اور پروپیگنڈا پھیلانے کے لیے چند یوٹیوبر زاور ولاگرز کو ’پراکسی‘ کے طورپر استعمال کررہا ہے ۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ یہ وہی گھٹیا ذہنیت ہے جس نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہداکے خلاف غلیظ مہم چلوائی۔ اپنی پراکسیز کے ذریعے 9 مئی کرایا، ذہن سازی کی، منصوبہ بندی کی اور  اپنے جتھوں سے ریاست کے خلاف دہشت گردی کرائی ۔

انہوں نے عمران خان پر فارن ایجنٹ ہونے  کا الزام عائد کرتے ہوئے پھر کہا کہ ’ اس فارن ایجنٹ نے سرکاری وحساس عمارتوں پر حملے کرائے، شہداکی یادگاروں کی بے حرمتی کرائی ، فتنے نے ایمبولنسز جلوائیں، ریڈیو پاکستان، مساجد، سکول جلوائے، یہ شخص اپنے لابیسٹس، فارن میڈیا کو اپنے جھوٹے بیانیہ کا مواد دینے کے لیے یہ حرکتیں کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp