پاکستان سے برادر ملک ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لیے سولر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی پہلی کھیپ روانہ کر دی گئی ہے۔
عالمی ادارہ بیت السلام ویلفئیر ٹرسٹ کی جانب سے ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ادارے نے کوکا کولا پاکستان کے تعاون سے بنائے گئے 5 سولر واٹر پلانٹس وائس کونسل جنرل ترکیہ کے حوالے کر دیے ہیں۔
وائس کونسل جنرل ترکیہ اوگز کوزان علی نے پاکستانی عوام کا اور بیت السلام ٹرسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان نے ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بہت مدد کی ہے جو ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
بیت السلام ٹرسٹ کے عہدیدار محمد بلال کا کہنا ہے کہ سولر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ آفت زدہ علاقوں کے لیے پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، ترکیہ میں اب بھی ایسے بہت سارے علاقے ہیں جہاں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ سولر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے بجلی نہ ہونے کے باوجود متاثرین کو پینے کا صاف پانی ملے گا۔
کوکا کولا پاکستان کے وائس چیئرمین فہد اشرف کا کہنا ہے کہ ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے، جو یومیہ 10 ہزار لیٹر پانی فلٹر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ پلانٹس پاکستان میں اس لیے بنائے گئے ہیں تاکہ کم لاگت پر معیاری چیز بن سکے۔
فہد اشرف نے کہا کہ کوشش رہے گی کہ ترکیہ کے زلزلہ زدہ علاقوں میں مجموعی طور پر 500 ایسے پلانٹس بھیجے جائیں۔