بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی اسرار ترین کے بھتیجے کی گاڑی پر کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ کے وسطی علاقے پشین اسٹاپ پر نامعلوم مسلح افراد نے رکن قومی اسمبلی سردار اسرار ترین کے بھتیجے شہزاد ترین کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں ایک لیولز اہلکار بھی شامل ہے جبکہ زخمی ہونے والا بچہ راہ گیر تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد جنہوں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔