کراچی: ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم دھر لیا

منگل 11 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے کراچی میں کارروائی عمل میں لائی ہے اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر کراچی زون کی ہدایت پر انسانی اسمگلرز کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل بہاول اوستو کے احکامات پر سب انسپکٹر مہران خان کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلر کو گرفتار کیا۔

گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث تھا۔ ملزم نے شہری کو بیرون ملک کینیڈا بھجوانے کے لیے پیسے بٹورے۔ ملزم بیرون ملک امیگریشن کی آڑ میں جعلی دستاویزات بنانے میں بھی ملوث تھا۔

ملزم نے شہری کو کینیڈا بھجوانے کے لیے 50 لاکھ روپے کا تقاضا کیا اور 16 لاکھ روپے وصول بھی کیے۔

ملزم الطاف حسین کو کراچی کے علاقے کلفٹن سے گرفتار کیا گیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر بہاول اوستو کی جانب سے ٹیم کی کاشوں کو سراہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ یونان کشتی حادثہ کے بعد انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ 14 جون کو یونان میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 298 پاکستانیوں سمیت 500 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp